خیبر پختونخوا میں بڑی کارروائی، 35 خوارج دہشتگرد ہلاک، 12 سیکیورٹی جوان شہید

خیبر پختونخوا میں بڑی کارروائی، 35 خوارج دہشتگرد ہلاک، 12 سیکیورٹی جوان شہید

خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں سیکیورٹی فورسز نے 10 سے 13 ستمبر کے دوران 2 بڑی کارروائیوں کے دوران ’فتنہ الخوارج‘ بھارت نواز دہشتگرد گروہ کے 35 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جب کہ 12 جوان مادرِ وطن پر قربان ہو کر شہادت کے عظیم رُتبے پر فائز ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں:سیکیورٹی فورسز کا بلوچستان کے علاقے مستونگ میں آپریشن، 4 بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد ہلاک

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلی کارروائی ضلع باجوڑ میں کی گئی، جہاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔ دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 22 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

اسی دوران ایک اور کارروائی جنوبی وزیرستان میں کی گئی، جہاں 13 مزید دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔ تاہم، اس شدید جھڑپ میں 12 جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک کیے گئے دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے، جن میں عوام اور سیکیورٹی اداروں کو نشانہ بنایا گیا۔ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

افغان کردار اور سرحد پار خطرات

آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ اطلاعات سے یہ بھی تصدیق ہوئی ہے کہ ان حملوں میں افغان شہریوں کا براہِ راست ملوث ہونا ثابت ہوا ہے، جس سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سیکیورٹی تشویش جنم لے رہی ہے۔

پاکستان نے ایک بار پھر افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔

مزید پڑھیں:افغانستان میں دو دہشتگرد گروپوں میں جھڑپ، 16 دہشتگرد ہلاک، 32 زخمی

ایک اعلیٰ سیکیورٹی افسر کا کہنا ہے’فتنہ الخوارج جیسے دہشتگرد گروہ کا افغان سرزمین استعمال کرنا انتہائی تشویشناک ہے۔ افغان حکومت کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے‘،

قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے

12 بہادر جوانوں کی شہادت نے قوم کو غمزدہ کر دیا، مگر ان کے جذبۂ قربانی پر پوری قوم کو فخر ہے۔ شہداء کی نمازِ جنازہ پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی اور اُنہیں اُن کے آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے عزم ظاہر کیا ہے کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔ ہمارے بہادر بیٹوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر کے دم لیں گی۔

سیکیورٹی یقینی بنانے کا عمل

باجوڑ اور جنوبی وزیرستان میں جاری ان کارروائیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی مکمل صفائی اور سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے تاکہ باقی بچ جانے والے دہشت گردوں کا بھی قلع قمع کیا جا سکے۔

یہ آپریشنز دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی سنجیدہ کوششوں اور ملک کے دفاع کے لیے سیکیورٹی اداروں کے غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *