پاکستان سمیت دنیا بھرمیں آج ماؤں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھرمیں آج ماؤں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

ماں کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا ! پاکستان سمیت دنیا بھر میں ماؤں سے محبت کے اظہار کا عالمی دن ’’مدر ڈے‘‘ آج منایا جا رہا ہے، ماؤں سے محبت کے اظہار کا عالمی دن منانے کا مقصد اس عظیم اور مقدس رشتے کی اہمیت کا احساس اجاگر کرنا ہے۔

ماؤں کا عالمی دن دنیا بھر کے مختلف ممالک میں ہر برس مئی کے دوسرے اتوار کو منایا جاتا ہے، یہ دن دنیا کی تمام ماؤں کے لیے وقف کیا گیا۔

یوں تو ہر دن ماں کا دن ہے لیکن خاص طور پر اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد ماؤں کی عظمت کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، ہر ماں قابل تحسین ہے لیکن کچھ مائیں ایسی بھی ہیں جو مشکلات کو چیلنج سمجھ کے قبول کرتی ہیں اور اپنے بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کی خاطر گھروں کی ذمہ داری ہی نہیں سنبھالتیں بلکہ بچوں کے باپ کے شانہ بشانہ محنت کرتی ہیں۔

تمام مخالفتوں اور چیلنجز کے باوجود ایک ماں اپنے بچوں کو بہترین زندگی دینے کیلئے مشکلات اٹھانے کیلئے ہر دم تیار رہتی ہے، ماں کا دل تو بچوں کیلئے دھڑکتا ہے، بچوں کے ساتھ رہنا اولین ترجیح ہے لیکن ان کے بہتر مستقبل کیلئے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بھی احسن طریقے سے نبھا رہی ہیں۔

مدرزڈے کی تاریخ

مدرز ڈے پہلی بار 1908 میں منایا گیا جب اینا جارویس نامی خاتون نے 1905 میں اپنی والدہ کے انتقال کے بعد مغربی ورجینیا کے شہر گرافٹن میں سینٹ اینڈریو میتھوڈسٹ چرچ میں اپنی والدہ کے لیے ایک یادگاری تقریب منعقد کی، وہ چاہتی تھیں کہ والدہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اس دن کو ایک مقدس دن کے طور پر سمجھا اور منایا جائے۔

اینا ہاروس کی کوششوں کے نتیجے میں 8 مئی 1914 کو امریکا کے اس وقت کے صدر ووڈرو ولسن نے مئی کے دوسرے اتوار کو سرکاری طورپر ماؤں کا دن قرار دیا اور پھر گزرتے وقت کے ساتھ دیگر ممالک نے بھی ماؤں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اس دن کو منانے کا اعلان کیا۔

مدرز ڈے کا کوئی ایک دن یا تاریخ مقرر نہیں ہے، درجنوں ممالک اس دن کو دوسرے مہینوں میں بھی مناتے ہیں، یہ دن جنوری، فروری اپریل اور مئی سمیت کچھ ممالک میں دسمبر میں بھی منایا جاتا ہے تاہم زیادہ ممالک میں اس دن کو مئی کے دوسرے اتوار کو منایا جاتا ہے۔

اس دن کو کسی عالمی ادارے کے تحت نہیں منایا جاتا بلکہ تمام ممالک کی حکومتوں نے اس دن کو منانے کا اعلان کیا جب کہ عالمی فلاحی تنظیموں سمیت تمام ممالک کی مقامی مذہبی و فلاحی تنظیموں نے بھی اس دن کو منانے کی حمایت کی۔

عالمی طور پر منائے جانے والے دنوں میں سے یہ واحد دن ہے جو سال کے 12 میں سے تقریبا 8 مہینوں میں مختلف دنوں میں دنیا کے مختلف ممالک اور خطوں میں منایا جاتا ہے، عام طور پر کسی بھی عالمی دن کو دنیا بھر میں ایک ہی دن منایا جاتا ہے۔

مدرزڈے 2025 صرف ایک کیلنڈر ایونٹ نہیں ہے، بلکہ یہ دن ماؤں کی بے پناہ محبت اور خاموش طاقت کا جذباتی یاد دہانی ہے۔چاہے یہ دن بڑے انداز میں منایا جائے یا صرف سادہ الفاظ میں اظہار تشکر کیا جائے، سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم ماؤں کے کردار اور اثرات کو دل سے تسلیم کریں اور ان کا شکریہ ادا کریں۔

editor

Related Articles