پنجاب حکومت نے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے سی ایم ہونہارانڈرگریجویٹ اسکالرشپ 2025 کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد ذہین لیکن مالی طور پر کمزور پس منظر رکھنے والے طلبا کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں مدد دینا ہے۔
پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (پی ایچ ای سی ) کے زیرِانتظام اس اسکالرشپ پروگرام کے تحت سرکاری جامعات اور کالجز میں 100 فیصد ٹیوشن فیس حکومت ادا کرے گی۔
اس منصوبے کے لیے کل 5.86 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کے تحت 55,000 طلبا کو 3 مراحل میں اسکالرشپ دی جائے گی۔ یہ پروگرام پاکستان کی تعلیمی تاریخ کے بڑے اقدامات میں سے ایک ہے۔
اسکالرشپ کی تفصیلات
سی ایم ہونہار اسکالرشپ پاکستان کے تمام علاقوں کے انڈرگریجویٹ طلبا کے لیے کھلی ہے، جن میں پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان شامل ہیں۔ یہ اسکالرشپ پروگرام انجینئرنگ، میڈیکل سائنسز، آئی ٹی اور سوشل سائنسز کے شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کی مالی مدد کرتا ہے تاکہ تعلیمی رکاوٹوں کو ختم کیا جا سکے۔
کون درخواست دے سکتا ہے؟
اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے کے خواہشمند طلبا کو درج ذیل شرائط پر پورا اترنا ہوگا، ان میں پنجاب کا ڈومیسائل رکھنے والے طلبا کو ترجیح دی جائے گی، تاہم دیگر صوبوں کے وہ طلبا جو منتخب اداروں میں داخل ہیں، وہ بھی اہل ہیں۔
وہ طلبا جن کی ماہانہ آمدنی 3 لاکھ روپے سے کم ہو۔ تعلیمی کارکردگی میں کم از کم 60 فیصد نمبر ہوں، اس میں طلبا کے اندراج میں کسی سرکاری یونیورسٹی یا کالج میں زیرِ تعلیم ہونا ضروری ہے۔ ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس کے وہ طلبا جو دوسرے سے پانچویں سال میں ہوں، تیسرے سے آٹھویں سمسٹر تک کے طلبا بھی اپلائی کر سکتے ہیں۔
اس سے قبل کسی اور اسکالرشپ کے حامل نہ ہوں، مالی ضرورت کا حلف نامہ لازمی ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تعلیم وظیفہ حاصل کرنے والے طلبا بھی اہل ہیں۔
درخواست دینے کا طریقہ
درخواست کے لیے طلبا کو honhaarscholarship.punjabhec.gov.pk پر سرکاری پورٹل پر جانا ہوگا۔
رجسٹریشن کے لیے شناختی کارڈ، ای میل اور موبائل نمبر کے ذریعے اکاؤنٹ بنائیں۔ فارم مکمل کریں اور ذاتی، تعلیمی اور معاشی معلومات فراہم کریں۔ دستاویزات اپ لوڈ کریں، طالبعلم کا شناختی کارڈ یا فارم ب، والدین، سرپرست کا شناختی کارڈ، میٹرک، انٹرمیڈیٹ کے نتائج، یونیورسٹی میں داخلے کا لیٹر یا بونافائیڈ سرٹیفکیٹ، پنجاب ڈومیسائل (یا مساوی)، آمدنی کا ثبوت اور مالی ضرورت کا حلف نامہ، تمام معلومات درست ہونے کی تصدیق کریں، بعد میں ترمیم ممکن نہیں ہو گی۔
اہل طلبا اسکالرشپ کی تعداد
مرحلہ 1 پہلے سمسٹر میں داخلہ لینے والے طلبا 30,000
مرحلہ 2 ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس کے دوسرے سے پانچویں سال کے طلبا 20,000
مرحلہ 3 دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے طلبا 5,000
منصوبے کی مالی تفصیلات
معاون ادارہ، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ عملدرآمد پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن
کل فنڈ: 5,868.05 ملین روپے
ابتدائی فنڈ: 2,500 ملین روپے
اب تک خرچ شدہ رقم: 2,807.55 ملین روپے
پنجاب کے فنانس ڈیپارٹمنٹ نے مکمل منظوری شدہ رقم جاری کر دی ہے تاکہ اسکالرشپ کی تقسیم میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
درخواست کی آخری تاریخ
درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 ستمبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔ حکام نے طلبا کو جلد از جلد درخواست دینے کی ہدایت کی ہے تاکہ آخری لمحات میں کسی تکنیکی مسئلے سے بچا جا سکے۔
سی ایم ہونہار انڈرگریجویٹ اسکالرشپ 2025 ایک انقلابی اقدام ہے جو پاکستان کے نوجوانوں کو مساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنے میں مدد دے گا۔ اس پروگرام کے ذریعے نہ صرف تعلیمی قابلیت کو فروغ ملے گا بلکہ معاشی طور پر پسماندہ طلبا کو بہتر مستقبل کی راہ بھی ملے گی۔ پنجاب حکومت کا یہ اقدام قومی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔