نہ قطاریں نہ دفاتر کے چکر، اب ڈرائیونگ لائسنس سڑک پر ہی منٹوں میں بنوائیں!

نہ قطاریں نہ دفاتر کے چکر، اب ڈرائیونگ لائسنس سڑک پر ہی منٹوں میں بنوائیں!

شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے جہاں حکومت پنجاب نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا طریقہ کار انتہائی آسان بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نئے نظام کے تحت اب روایتی ٹیسٹنگ سینٹرز کے بجائے ’آن روڈ ٹیسٹ‘ کے ذریعے فوری طور پر ’ورچوئل ڈرائیونگ لائسنس‘ جاری کیا جائے گا، جس سے شہریوں کو بار بار دفاتر کے چکر لگانے سے نجات ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں:ایک گھنٹے میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کریں،نئی سہولت متعارف کرادی گئی

چیف ٹریفک آفیسر لاہور ڈاکٹرعطا الرحمن کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور لائسنسنگ کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت انٹرنیشنل لائسنس کے علاوہ تمام لائسنس ورچوئل کارڈ کی صورت میں جاری کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک وارڈنز کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے وہ ’ون ایپ‘ استعمال کرتے ہوئے موقع پر ہی لائسنس جاری کرنے کے مجاز ہوں گے۔ شہری سڑک پر ہی اپنا شناختی ڈیٹا فراہم کریں گے اور فیس کی ادائیگی کے فوراً بعد انہیں ڈیجیٹل لائسنس جاری کر دیا جائے گا۔

حکام کے مطابق اس نظام میں شہریوں کا ڈیٹا نادرا کے ریکارڈ سے منسلک ہوگا، جس کے باعث جعلسازی کے امکانات کم ہوں گے اور تصدیق کا عمل فوری مکمل ہو سکے گا۔ شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے ’ون ایپ‘ پر رسائی حاصل کر کے کسی بھی وقت لائسنس چیک کیا جا سکے گا۔

ڈاکٹر عطا الرحمن نے بتایا کہ مستقبل میں اس نظام کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے 16 سال کی عمر کے نوجوانوں کو بھی شامل کیا جائے گا، تاکہ وہ قانونی طریقے سے ڈرائیونگ کی اجازت حاصل کر سکیں۔ اس حوالے سے ٹریفک قوانین میں ضروری ترامیم پر بھی غور جاری ہے۔

مزید پڑھیں:ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے خواہشمندوں کیلئے اہم خبر آگئی

انہوں نے مزید کہا کہ ورچوئل کارڈز کے نفاذ سے حکومت کو سالانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی، کیونکہ فزیکل کارڈز کی پرنٹنگ، ترسیل اور انتظامی اخراجات ختم ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ اس نئے لائسنسنگ سسٹم کے نفاذ کے لیے سمری پنجاب پولیس کے سربراہ انسپکٹر جنرل کو بھجوا دی گئی ہے، جس کی منظوری کے بعد اسے مرحلہ وار صوبے بھر میں نافذ کیا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدام نہ صرف شہریوں کے لیے آسانی پیدا کرے گا بلکہ ٹریفک قوانین کی پابندی کو بھی فروغ دے گا، کیونکہ لائسنس کا حصول آسان ہونے سے زیادہ افراد قانونی طور پر ڈرائیونگ کریں گے۔

Related Articles