پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سرکاری کالجوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 8 ہزار 84 کالج ٹیچنگ انٹرنز (CTIs) کی بھرتی کی منظوری دے دی ہے۔
بھرتی کے لیے 5 فیصد کوٹہ اقلیتوں، 3 فیصد معذور افراد اور 0.5 فیصد ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
مدتِ شمولیت
انٹرمیڈیٹ کلاسز کے لیے سی ٹی آئیز کی خدمات 7 ماہ پر مشتمل ہوں گی، جو یکم اکتوبر 2025 سے شروع ہو کر 30 اپریل 2026 تک جاری رہیں گی۔ بی ایس پروگرامز کے لیے یہ مدت 10 ماہ ہوگی، یعنی یکم اکتوبر 2025 سے 31 جولائی 2026 تک یا مستقل عملہ تعینات ہونے تک۔
اہلیت کی شرائط
امیدوار کے پاس متعلقہ مضمون میں کم از کم بی ایس یا ماسٹر ڈگری سیکنڈ ڈویژن کے ساتھ ہونا ضروری ہے۔ ایم فل یا پی ایچ ڈی امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔ میرٹ کے لیے تعلیمی ریکارڈ، اعلیٰ اہلیت، بورڈ یا یونیورسٹی پوزیشنز کو شامل کیا جائے گا، جبکہ انٹرویو کی کارکردگی کو بھی اہمیت دی جائے گی۔
وظیفے کی تفصیل
انٹرمیڈیٹ سطح: 50 ہزار روپے ماہانہ
بی ایس/گریجویٹ سطح: 60 ہزار روپے ماہانہ
رقم براہِ راست منتخب امیدواروں کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔
شرائط و ضوابط
امیدواروں کے لیے کوئی عمر کی حد مقرر نہیں کی گئی۔ سی ٹی آئیز کو ماہانہ دو کژول لیوز دی جائیں گی جبکہ ٹی اے/ڈی اے کی سہولت نہیں ہوگی۔ تقرریاں عارضی ہوں گی اور غیر تسلی بخش کارکردگی کی صورت میں سلیکشن کمیٹی انہیں ختم کر سکتی ہے۔ بھرتی مکمل طور پر میرٹ پر ہوگی اور جعلی یا غلط دستاویزات استعمال کرنے پر تقرری منسوخ کرنے کے ساتھ قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔
بھرتی کا مقصد
یہ اقدام تعلیمی سیشن 2025-26 کے دوران پنجاب کے سرکاری کالجوں میں تدریسی عمل کو جاری رکھنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ مستقل اساتذہ کی تعیناتی تک تعلیمی سرگرمیوں میں تعطل نہ آئے۔