وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ضلع دیر لوئر میں دہشت گردوں کے ساتھ پیش آنے والی جھڑپ کے دوران سیکورٹی فورسز کے سات بہادر جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے یہ جوان نہ صرف اہل خانہ بلکہ پورے ملک کے لیے باعث فخر ہیں، وزیر اعلیٰ نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گی اور آنے والی نسلیں بھی ان کی غیرت اور بہادری کی مثالیں یاد رکھیں گی۔
انہوں نے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے تاکہ وہ اس عظیم نقصان کو صبر و تحمل کے ساتھ برداشت کر سکیں۔
علی امین گنڈاپور نے زور دیا کہ پاک فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں امن قائم رکھنے اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں لازوال قربانیاں دے رہے ہیں جنہیں تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان بہادر جوانوں اور ان کے اہل خانہ کو ملک و قوم کا سلام ہے اور قوم کے ہر فرد پر یہ فرض ہے کہ وہ ان کے عظیم فداکاری کے جذبے کو یاد رکھے اور انہیں خراج تحسین پیش کرے۔