فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج پر پانی کی آمد میں اضافہ جاری ہے جس سے پنوں عاقل سندھ کچے کے دریائی علاقوں میں سینکڑوں بستیاں زیر آب آگئی ہیں۔
فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کے مطابق گڈو بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، پانی کا بہاؤ بڑھ کر 5 لاکھ 61 ہزار کیوسک ہوگیا ، سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، پانی کی آمد 4 لاکھ 80 ہزار کیوسک جبکہ کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، بہاؤ 2 لاکھ 71 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
دریائے سندھ میں کوٹ مٹھن راجن پور، چاچڑاں شریف پر پانی کی آمد میں معمولی کمی ہوئی اور سطح 11,5 فٹ پر آگئی۔
دریائے چناب میں ہیڈ پنجند پر بہاؤ میں کمی کا سلسلہ جاری مگر اب بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، بہاؤ 4 لاکھ 60 ہزار کے قریب ہے۔
دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا اور ہیڈ اسلام پر درمیانے درجے کا اور ہیڈ سلیمانکی پر نچلے درجے کا سیلاب ، راوی میں ہیڈ سدھنائی پر بہاؤ میں کمی آگئی اور نچلے درجے کے سیلاب میں تبدیل ہوگئی ۔
پنوعاقل دریائے سندھ گڈو بیراج اور سکھر بیراج کے مقام پر پپاک نیوی کے جوان سیلاب متاثرین کو ریسکیو کرنے کے لیے سرگرم ہیں جبکہ مقامی لوگ کسی صورت اپنا گھر چھوڑ کر باہر آنے کو تیار نہیں ہیں۔
پرووینشیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ (پی ڈی ایم اے) نے گڈو بیراج پر 14 سے 15 ستمبر تک اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز، چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے سندھ کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے اور تمام اسٹیک ہولڈرز حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں، اور کسی بھی سنگین صورتحال سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔