پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی20 ایشیا کپ کا فائنل آج کھیلا جا رہا ہے، ایشیا کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم ترین ٹاکرا سے قبل سکھ برادری کے افراد نے اتوار کو ننکانہ صاحب میں واقع مقدس گوردوارہ جنم استھان میں پاکستان کی فتح کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
گوردوارے میں جذبات اور امیدوں کا ایک منفرد سماں تھا، جہاں مرد، خواتین اور بچے سب ایک ہی مقصد کے تحت جمع ہوئے کہ پاکستان جیتے اور سب کی خوشیاں دوبالا ہوں۔
سردار بلونت سنگھ، جو برادری کے سینیئر رکن ہیں، نے کہا کہ یہ میچ دونوں ملکوں کے درمیان محبت اور ہم آہنگی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ ’اگر پاکستان جیتا تو کروڑوں دل خوش ہوں گے‘۔ ’یہ میچ نفرت نہیں، بلکہ امن اور دوستی کا پیغام دینا چاہیے۔ ہم پاکستان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ جیت دونوں ملکوں کو قریب لے آئے گی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر تعلقات نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے فائدہ مند ہوں گے۔
ایک اور عقیدت مند، مندیپ کور نے برادری کے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم بہت پرجوش ہیں۔ دعا ہے کہ گرین شرٹس جیتیں تاکہ ہم سب مل کر خوشیاں منائیں‘۔
ننکانہ صاحب میں واقع گوردوارہ جنم استھان، جو سکھ مت کے بانی گرونانک دیو جی کی جائے پیدائش ہے، میں ہونے والی یہ دعائیں اس بات کا مظہر ہیں کہ کرکٹ برصغیر میں مذاہب اور ثقافتوں سے بالاتر ہو کر لوگوں کو متحد کرتی ہے۔
سکھ برادری کا یہ عمل اس بات کی بھی یاد دہانی ہے کہ کھیلوں کے ذریعے نفرتوں کو کم اور دلوں کو قریب لایا جا سکتا ہے۔
جیسے جیسے ایشیا کپ کا یہ بڑا مقابلہ قریب آ رہا ہے، ننکانہ صاحب سے اٹھنے والی دعائیں اس کھیل کو ایک روحانی رنگ دے رہی ہیں اور امید ہے کہ یہ میچ صرف میدان کا نہیں، بلکہ دلوں کو جوڑنے کا ذریعہ بھی بنے گا۔