بھارت پراکسیزمیں ملوث نہ ہو تو پاکستان دُنیا کی محفوظ ترین جگہ ہے، عطا اللہ تارڑ

بھارت پراکسیزمیں ملوث نہ ہو تو پاکستان دُنیا کی محفوظ ترین جگہ ہے، عطا اللہ تارڑ

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں، جن میں ہزاروں جانوں کا نذرانہ شامل ہے۔

منگل کو انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کا ساتھ دیا ہے، لیکن جب بھی بھارت نے بلاجواز جارحیت کی کوشش کی، پاکستان نے اس کا منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف بھارتی جارحیت کا مقابلہ کیا بلکہ بھارت کے گمراہ کن پروپیگنڈے کو بھی عالمی سطح پر بے نقاب کیا۔

یہ بھی پڑھیں:معرکہ حق کی فتح اور آزادی کا جشن بھارت کیلئے واضح پیغام ہے، وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ

وفاقی وزیر نے پُرامن ہمسائیگی کی خواہش دہراتے ہوئے کہا کہ “پہگام” واقعے کی حقیقت اب دنیا پر آشکار ہو چکی ہے اور اگر بھارت پراکسی وار اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں سے باز آ جائے، تو پاکستان دنیا کی محفوظ ترین جگہ بن سکتا ہے۔

انہوں نے بھارت پر کھیلوں کے میدان میں بھی اخلاقی دیوالیہ پن کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کھیلوں کو بھی سیاسی رنگ دے رہا ہے، جو عالمی اقدار کے منافی ہے۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے قومی مفادات کا ہر سطح پر دفاع کرے گا اور عالمی سطح پر بھارتی عزائم کو بے نقاب کرتا رہے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بھارت کی علاقائی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’ہندوتوا کے نظریے‘ پر مبنی ’تضادات سے بھرپور‘ اور ’جارحانہ‘ قرار دیا اور کہا کہ حالیہ 4 روزہ جنگ کے بعد پاکستان نے خطے میں ایک نیا دفاعی توازن قائم کر دیا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم نے متحد ہو کر بھارت کے علاقائی بالادستی کے خواب کو چکنا چور کر دیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’ہمارا دشمن جو خطے پر غلبے کے خواب دیکھ رہا تھا، اس کا خواب پاکستانی قوم کے اتحاد اور افواج پاکستان کی قربانیوں سے بکھر گیا‘۔

عطا اللہ تارڑ نے پہلگام واقعے کو ’فالس فلیگ آپریشن‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے فوری طور پر پاکستان پر انگلیاں اٹھائیں، حالانکہ پاکستان خود دہشتگردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے۔ ’ایک قابض ملک کبھی بھی مظلوم ہونے کا دعویٰ نہیں کر سکتا،‘۔

مزید پڑھیں:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسئلہ کشمیر حل کروانا چاہتے ہیں، عطا اللہ تارڑ

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانوں کی قربانی دی بلکہ کھربوں ڈالر کا معاشی نقصان بھی اٹھایا، ’جو کسی اور ملک نے نہیں اٹھایا۔‘ انہوں نے کہا کہ بھارت اگر پاکستان میں دہشتگردی اور پراکسیز میں ملوث نہ ہو تو پاکستان دُنیا کا محفوظ ترین ملک ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے بھارت پر کھیل کے میدان کو بھی سیاست زدہ کرنے کا الزام لگایا۔ ’جب آپ میدان جنگ میں شکست کھا جائیں، تو اخلاقی دیوالیہ پن کا نتیجہ کھیل کے میدان میں تماشے کی صورت میں نکلتا ہے‘۔

انہوں نے دو قومی نظریے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک جداگانہ تہذیبی، تاریخی اور نظریاتی شناخت رکھتا ہے۔ ’ہم دریائے سندھ کی تہذیب کے وارث ہیں اور یہی ہمیں مشرقی ہمسایہ سے ممتاز کرتا ہے‘۔

کشمیر کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے حکومت پاکستان کی پالیسی دہراتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 4 روزہ جنگ کے بعد مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی سطح پر توجہ حاصل کر چکا ہے۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہاکہ ’پاکستان اب ایک مثبت کہانی کے ساتھ دنیا کے سامنے ہے۔ ہماری معاشی کامیابیاں اور عسکری کامیابیوں نے دنیا میں ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔‘

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *