پیرُو نے آن لائن ’ورلڈ کپ آف بریک فاسٹس‘ جیت لیا، جہاں اس کا روایتی ناشتہ ’پین کون چِچَروں‘ نے 12.8 ملین ووٹس حاصل کیے۔ مقابلے میں 16 ممالک شامل تھے، ابائی یانوس نے جیتنے والوں کو لیما میں ٹرافی دینے کا اعلان کیا ہے۔
جنوبی امریکی ملک پیرُو نے مشہور ہسپانوی اسٹریمر ’ابائی یانوس‘ کے زیرِ اہتمام ہونے والے وائرل آن لائن مقابلے ’ورلڈ کپ آف بریک فاسٹس‘ میں شاندار کامیابی حاصل کر لی۔ اس مقابلے میں پیرُو کے روایتی ناشتہ ’پین کون چِچَروں‘ نے وینزویلا کے مشہور ’رینا پیپیادا آریپا‘ کو معمولی فرق سے شکست دے دی۔
پیرُو کے اس ناشتے، جو اتوار کی صبح سڑکوں پرعام طور پر پیش کیا جاتا ہے، میں تلا ہوا نمکین گوشت، میٹھا آلو، پیاز کی چٹنی اور فرانسیسی طرز کی ڈبل روٹی شامل ہوتی ہے۔ اسے 12.8 ملین لائکس ٹک ٹاک، انسٹاگرام اور یوٹیوب شارٹس پر موصول ہوئیں، جبکہ وینزویلا کے ڈِش کو 12.6 ملین لائکس ملے۔
یہ مقابلہ 16 ممالک کے درمیان ہوا، جن میں امریکا، اسپین، میکسیکو، ایکواڈور اور جاپان بھی شامل تھے۔ لیکن دنیا بھر کے صارفین کا دل جیتنے میں پیرُو کا ناشتہ کامیاب رہا۔
’ابائی یانوس‘، جو دنیا کے بااثر ترین اسٹریمرز میں سے ایک ہیں، نے اعلان کیا ہے کہ وہ ذاتی طور پر لیما، پیرُو کے دارالحکومت، جا کر جیتنے والے ملک کو سنہری فرائنگ پین ٹرافی پیش کریں گے۔
پیرُو میں اس جیت پر بھرپور جشن منایا گیا۔ صدر دینا بولوارٹے نے قوم کو مبارکباد دی، جبکہ وزارتِ ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشنز نے سوشل میڈیا پر فخریہ اعلان کیا کہ ’پیرُو دنیا کا بہترین ناشتہ پیش کرتا ہے‘۔
یہ مقابلہ نہ صرف پیرُو کے کھانوں کی ثقافت کو عالمی سطح پر نمایاں کرنے کا باعث بنا، بلکہ اس نے یہ بھی ثابت کیا کہ کھانا قوموں کو ورچوئل دنیا میں بھی ایک دوسرے کے قریب لا سکتا ہے۔