پی سی بی کا دباؤ کام کر گیا، آئی سی سی نے اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹا دیا

پی سی بی کا دباؤ کام کر گیا، آئی سی سی نے اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹا دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سخت ترین مؤقف اور میچز کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) متنازع امپائر اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے پرمجبور ہو گئی ہے، رچی رچرڈسن کو نیا میچ ریفری مقرر کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے تنازع کا شکار میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کے خلاف سخت مؤقف اپناتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بالآخر انھیں ہٹانے پر مجبور کر دیا ہے۔ اب پاکستان اور یو اے ای کے درمیان آج ہونے والے ایشیا کپ 2025 کے میچ کے لیے رچی رچرڈسن کو نیا میچ ریفری مقرر کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت میچ: پی سی بی کی شکایت پر میچ ریفری کے خلاف تحقیقات مکمل، تہلکہ خیز انکشافات

یہ فیصلہ پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کو بھیجے گئے مسلسل 2 خطوط کے بعد سامنے آیا، جن میں اینڈی پائیکرافٹ کے خلاف ’اسپرٹ آف کرکٹ‘ کی خلاف ورزی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔

مصافحہ نہ کروانے کی ہدایت تنازع کا باعث

یہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب پائیکرافٹ نے مبینہ طور پر پاکستان اور بھارت کے کپتانوں کو ٹاس کے وقت مصافحہ نہ کرنے کی ہدایت کی، جو کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں دوستی اور رواداری کی علامت سمجھی جاتی ہے۔

پی سی بی نے اس واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اگر پائیکرافٹ کو فوری طور پر ہٹایا نہ گیا تو پاکستان ان کی نگرانی میں کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔

آئی سی سی نے دباؤ کے بعد فیصلہ بدل دیا

میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے بالآخر دباؤ قبول کرتے ہوئے پاکستان کے باقی تمام میچز کے لیے اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹا دیا ہے اور آج متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہونے والے میچ کے لیے رچی رچرڈسن کو مقرر کر دیا ہے۔

مزید پڑھیں:پاک بھارت میچ: ریفری کے خلاف فوری کاروائی کیوں نہیں کی؟ پی سی بی نے اہم عہدیدار کو معطل کردیا

پی سی بی نے آئی سی سی کی جانب سے پائیکرافٹ پر کی گئی انکوائری کو بھی ’محض رسمی کارروائی‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا  اور الزام لگایا کہ اہم پہلو نظر انداز کیے گئے اور متعلقہ افراد کو شاملِ تفتیش نہیں کیا گیا۔

بائیکاٹ کا خطرہ، باضابطہ اعلان کا انتظار

پی سی بی کا مؤقف ہے کہ وہ تب ہی میچ کھیلے گا جب باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا کہ اس کی تمام شرائط پوری کر دی گئی ہیں۔ فی الحال پی سی بی کی اعلیٰ سطح پر مشاورت جاری ہے اور حتمی فیصلہ دوپہر تک متوقع ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی 2025 میں ایک مختصر مسلح تصادم ہو چکا ہے اور اتوار کو ہونے والا میچ دونوں ممالک کا پہلا براہ راست مقابلہ تھا۔ اسی تناظر میں اینڈی پائیکرافٹ کے مبینہ اقدام کو سیاسی اور جذباتی طور پر حساس تصور کیا جا رہا ہے۔

قواعد کی خلاف ورزی

آئی سی سی کے قوانین کے مطابق، کسی میچ ریفری کو کھلاڑیوں یا کپتانوں کو براہِ راست ہدایات دینے کا اختیار حاصل نہیں ہوتا۔ وہ صرف ٹیم مینیجر کے ذریعے رابطہ کر سکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کی تصدیق

بھارتی میڈیا ادارے ہندوستان ٹائمز نے پہلے ہی دعویٰ کیا تھا کہ آئی سی سی نے پی سی بی کا مطالبہ تسلیم کر لیا ہے اور پائیکرافٹ کو باقی میچز سے ہٹا دیا جائے گا، جس کی اب غیر رسمی تصدیق ہو چکی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *