وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کا باقاعدہ افتتاح کردیا اور نئے انگریزی زبان کے نیوز چینل کی تختی کی رونمائی کی، جو عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف اور بیانیے کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کا نوجوان صحافیوں سے خطاب
وزیراعظم نے نئے چینل کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور نوجوان میڈیا پروفیشنلز سے گفتگو کی۔ انہوں نے نوجوانوں کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن بیانیے کا مقابلہ کرنے میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کو پہلا انٹرویو بھی دیا اور کہا کہ یہ پلیٹ فارم مصدقہ اور سچی خبروں کا ذریعہ بنے گا اورغلط معلومات کا توڑ فراہم کرے گا۔
پاکستان کا عالمی بیانیہ اب ڈیجیٹل
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے وزیراعظم کو پلیٹ فارم کے اہداف سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ چینل پاکستانی آواز کو عالمی سطح پر مضبوط کرے گا، پبلک ڈپلومیسی کو سہارا دے گا اور انفارمیشن گیپ کو کم کرے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’ پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل وہ جگہ ہوگی جہاں بڑی خبریں پاکستان کے نقطہ نظر سے دیکھی جائیں گی،
چینل بین الاقوامی امور، ثقافتی بصیرت، معاشی ترقی، جغرافیائی سیاسی تجزیے بھی پیش کرے گا، ادارہ رائٹرز اور ایسوسی ایٹڈ پریس کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ریئل ٹائم، تصدیق شدہ اور معیاری خبریں فراہم کرے گا۔
بھارت و مغرب کے میڈیا بیانیے کا مؤثر جواب
حکام کے مطابق یہ پلیٹ فارم بھارت اور مغربی میڈیا کے یکطرفہ بیانیے کا مؤثر جواب دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو حقیقی انداز میں پیش کیا جا سکے۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ، سیکریٹری اطلاعات امبرین جان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل اور انگریزی زبان کے نیوز چینل کا افتتاح کیا، نیا پلیٹ فارم عالمی سطح پر پاکستان کا بیانیہ اجاگر کرے گی۔