میٹا پلیٹ فارمز نے اپنی پہلی ڈسپلے والی صارف دوست اسمارٹ عینک متعارف کرا دی ہے، جس کا مقصد اپنی مشہور ری-بین سیریز کو مزید آگے بڑھانا اور مصنوعی ذہانت پر مبنی پہننے کے قابل ٹیکنالوجی میں نئی راہیں ہموار کرنا ہے۔
کمپنی کی سالانہ کنیکٹ کانفرنس میں متعارف کی گئی یہ نئی میٹا ری-بین ڈسپلے عینک دائیں لینز میں ایک چھوٹا ڈیجیٹل اسکرین رکھتی ہے، جو نوٹیفکیشنز جیسے بنیادی کاموں کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ اس کی قیمت $799 رکھی گئی ہے اور یہ 30 ستمبر سے فروخت کے لیے دستیاب ہو گی۔ اس میں ایک کلائی پر پہننے والا کنٹرولر بھی شامل ہے جو ہاتھ کے اشاروں کو کمانڈز میں تبدیل کرتا ہے۔
سی ای او میٹا مارک زکربرگ نے اسمارٹ عینک کو انسانی ذہانت کی اگلی نسل ’ذاتی سپر انٹیلیجنس‘ تک پہنچنے کا ذریعہ قرار دیا۔ زکربرگ نے کہا کہ ’عینک ایک مثالی شکل ہے جو آپ کو موجود لمحے میں رہنے دیتی ہے، جبکہ ساتھ ہی ’اے آئی‘ کی صلاحیتیں آپ کی ذہانت، رابطے، یادداشت اور حواس کو بہتر بناتی ہیں‘۔
کھیلوں کے لیے اوکلی وینگارڈ عینک اور ری بین میں اپڈیٹس
میٹا نے اوکلی وینگارڈ کے نام سے ایک نئی اسپورٹس اسمارٹ عینک بھی پیش کی ہے، جس کی قیمت 499 ڈالر ہے۔ یہ عینک ایتھلیٹس کے لیے بنائی گئی ہے اور گارمن اور اسٹراوا جیسے فٹنس پلیٹ فارمز سے منسلک ہو کر ریئل ٹائم اسٹیٹس اور ورزش کے بعد کا ڈیٹا فراہم کرتی ہے۔
ری-بین کی پچھلی نسل کی عینک بھی اپڈیٹ کی گئی ہے، جس میں اب دگنی بیٹری لائف اور بہتر کیمرہ شامل ہے۔ اس کی نئی قیمت 379 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
مستقبل کی ’اورین‘عینک کا پیش خیمہ؟
ماہرین کا ماننا ہے کہ اگرچہ نئی ڈسپلے والی عینک کی فروخت ابتدا میں سست ہو سکتی ہے، لیکن یہ میٹا کی 2027 میں متوقع ’اورین‘ اسمارٹ عینک کی بنیاد ڈالنے والا قدم ہے، جسے زکربرگ نے ’مستقبل کی ٹائم مشین‘ قرار دیا تھا۔
تنقید اور چیلنجز بھی موجود
یہ لانچ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب میٹا کو بچوں کے تحفظ اور ’اے آئی‘ کے غلط استعمال کے الزامات کا سامنا ہے۔ رپورٹس کے مطابق میٹا کے چیٹ بوٹس بچوں کے ساتھ متنازع گفتگو میں ملوث پائے گئے، جبکہ کمپنی نے ورچوئل ریئلٹی کے بچوں پر اثرات کی تحقیق سے محققین کو روک دیا۔
میٹا کی مستقبل کی شرط، پہننے کے قابل ’اے آئی‘ ٹیکنالوجی
اگرچہ میٹا ’آئی اے‘ ماڈلز کی دوڑ میں اوپن اے آئی اور گوگل سے پیچھے ہے، لیکن کمپنی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری اور انجینئرز کی بھرتی کے ذریعے میدان میں واپسی کی کوشش کر رہی ہے۔