اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو 1 اکتوبر تک ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے اور واضح کیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد بغیر لائسنس گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے اعلان کیا کہ ڈیڈ لائن کے بعد لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ کرنے والے شہریوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے، گرفتاری عمل میں لائی جائے گی اور گاڑیاں بھی بند کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی بلاتفریق ہوگی اور کسی بھی طبقے سے تعلق رکھنے والے شہری کو رعایت نہیں دی جائے گی۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے فیض آباد ٹریفک آفس، ایف-6 سہولت مرکز اور ٹریفک سہولت وینز کے ذریعے لائسنس کے حصول کا انتظام کیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہمیشہ اپنے ساتھ لائسنس کی فزیکل کاپی رکھیں، کیونکہ ڈیجیٹل کاپی کسی صورت قبول نہیں ہوگی۔
کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے کہا کہ شہری مہذب قوم ہونے کا ثبوت دیں، ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں اور قانونی کارروائی سے بچیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ اپنی اور دوسروں کی جان کے لیے بھی خطرناک ہے۔