پاکستانی فلم انڈسٹری میں ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے ۔ جہاں پہلی بار ایک مکمل زومبی تھرلر فلم ’زومب عید ‘عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے جا رہی ہے، جس میں مہوش حیات اور فہد مصطفی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان میں اس پیمانے پر زومبی اپوکلپس فلم پہلے کبھی نہیں بنی، اسی لیے ’زومب عید‘ کو صرف ایک فلم نہیں بلکہ ایک بڑا تجربہ سمجھا جا رہا ہے
یہ فلم فلم والا پکچرزکے بینر تلے پیش کی جا رہی ہے، جس کے پیچھے نبیل قریشئ اورفضا علی مرزا کی کامیاب جوڑی ہے۔ یہی وہ ٹیم ہے جس نے “نا معلوم افراد ”، “لوڈویڈنگ” اور “نا با لغ افراد” جیسی ہٹ فلمیں دیں، جو زیادہ تر سوشل کامیڈی اور حقیقت کے قریب کہانیوں پر مبنی تھیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا اچانک زومبی ہارر کی طرف آنا سب کے لیے حیران کن ہے۔
ہدایت کاری بھی خود نبیل قریشی نے کی ہے جو ان کے کیریئر میں ایک واضح تبدیلی ہے۔ اس بار نہ مزاح، نہ ہلکی پھلکی کہانی بلکہ سیدھا ایکشن، ہارراور تباہی کا امتزاج دیکھنے کو ملے گا۔
فلم کی تشہیر بھی روایتی انداز سے ہٹ کر کی جا رہی ہے۔اس سلسلے میں نہ لمبی مہم، نہ انٹرویوز، نہ آہستہ آہستہ ریویل جیسی تشہیری حربے نہیں اپنائے جا رہے۔ بس اچانک خاموشی کے بعد ایک جھلک ریلیز کی گئی جس نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی۔
اس جھلکی میں ایک شہر کو مکمل افراتفری کا شکار دکھایا گیا ہے۔ سڑکوں پر بھگدڑ، الٹی گاڑیاں، دھماکے، چیختے لوگ اور زومبی نما مخلوق کا حملہ یہ پورا منظر ایک ایسے خوف اور بے بسی کو دکھاتا ہے جہاں معاشرہ لمحوں میں بکھرتا نظر آتا ہے۔
اس نشر کی جانی والی جھلکی کی خاص بات یہ ہے کہ اس نے کہانی کو کھولنے کے بجائے سیدھا آپ کو تباہی کے مناظر دکھا دیئے گئے ہیں ۔ نہ وائرس کی وضاحت، نہ ابتدا کی تفصیل۔ صرف ایک تیز رفتار بے رحم صورتحال جسے دیکھ کر ناظرین خود اندازہ لگانے پر مجبور ہوجا ئے گے کہ کہانی کس نوعیت کی ہے۔
اس ایک جھلکی سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ فلم کا اسکیل معمولی نہیں۔ وی ایف ایکس، بڑے ایکشن سینز اور ہجوم والے مناظر بتاتے ہیں کہ یہ ایک سنجیدہ اور بڑی پروڈکشن ہے۔ پاکستانی سنیما کے لیے یہ ایک نیا اور جرات مندانہ قدم ہے۔
“زوب عید” صرف ایک فلم نہیں، بلکہ ایک ایسا تجربہ ہے۔ جس میں یہ دیکھنے کا موقع ملے گا کہ کیا پاکستانی سنیما رومانس اور ڈرامے سے آگے بڑھ کر نئے انداز اپنا سکتا ہے یا نہیں۔ عید الاضحیٰ پر فیصلہ عوام کریں گے مگر ایک بات طے ہےاس فلم نے ریلیز سے پہلے ہی سب کو چونکا دیا ہے۔