پی ٹی آئی اور اتحادیو ں میں دوریاں،19اپریل کے جلسے سے قبل محمود اچکزئی کا بڑا فیصلہ

پی ٹی آئی اور اتحادیو ں میں دوریاں،19اپریل کے جلسے سے قبل محمود اچکزئی کا بڑا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف اور اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظِ آئینِ پاکستان کے درمیان اختلافات مزید گہرے ہو گئے ہیں، پی ٹی آئی کے اہم اتحادی محمود خان اچکزئی نے 19 اپریل کو مردان میں ہونے والے جلسے میں شرکت کی دعوت مسترد کر دی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اچکزئی نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں جلسوں کا انعقاد اب مؤثر نہیں رہا، جبکہ دوسرا بڑا اعتراض یہ تھا کہ اس اہم جلسے کے اعلان سے قبل اپوزیشن اتحاد کو اعتماد میں نہیں لیا گیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی رہنما عاطف خان نے ان سے رابطہ کر کے شرکت کی درخواست کی، تاہم انہوں نے معذرت کر لی۔

پارٹی کے اندر بھی اس معاملے پر تشویش پائی جا رہی ہے، ایک سینئر رہنما کے مطابق اچکزئی کے اعتراضات جائز ہیں کیونکہ یہ تیسری بار ہے کہ اہم فیصلوں میں اپوزیشن اتحاد کو نظر انداز کیا گیا، اس صورتحال نے اتحاد کے اندر اعتماد کے فقدان کو مزید واضح کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پی ٹی آئی میں اختلافات مزید بڑھنے لگے،علیمہ خان کے انٹرویو پر شاندانہ گلزا ر برہم

پی ٹی آئی کے اندرونی حلقوں میں بھی اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں، ایک گروپ خیبر پختونخوا کی نوجوان قیادت کو یکطرفہ فیصلوں کا ذمہ دار قرار دے رہا ہے، جبکہ دوسرا دھڑا مرکزی قیادت، خصوصاً بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے، ان پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ وہ مؤثر حکمت عملی بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بعض رہنماؤں نے صوبائی عہدیداروں کی سیاسی بصیرت پر بھی سوال اٹھائے ہیں اور شاہد خٹک جیسے رہنماؤں کے بیانات پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے، جس سے پارٹی کے اندر کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

دوسری جانب پارٹی کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے اعتراف کیا ہے کہ جماعت کے اندر کچھ معاملات پر اختلاف رائے موجود ہے، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کے تحفظات دور کرنے کے لیے جلد اجلاس بلایا جائے گا۔

موجودہ صورتحال میں ایک جانب خیبر پختونخوا حکومت سے منسلک گروپ علیمہ خان کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر سخت مؤقف اختیار کیے ہوئے ہے، جبکہ دوسری طرف مرکزی قیادت پر مفاہمت پسندی کے الزامات لگ رہے ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *