بارشوں کا نیا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ بڑی پیشگوئی

بارشوں کا نیا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ بڑی پیشگوئی

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں 18 سے 23 اپریل تک ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ای او سی کے مطابق بالائی اور وسطی پنجاب میں 18 اور 19 اپریل کے دوران وقفے وقفے سے گرج چمک، آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور اور ڈیرہ غازی خان سمیت گرد و نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ جنوبی پنجاب میں زیادہ تر موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم 18، 19 اور 23 اپریل کو چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

بلوچستان کے شمالی اور مغربی اضلاع کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلات، تربت، خضدار اور قلعہ سیف اللہ میں 18، 19، 22 اور 23 اپریل کو گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گوادر اور ساحلی علاقوں میں 19، 20 اور 23 اپریل کو تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں موسم زیادہ تر خشک رہے گا۔

سندھ کے علاقوں خیرپور، سکھر، حیدرآباد، عمرکوٹ، مٹھی، بدین، کراچی اور کیٹی بندر میں 19 اور 20 اپریل کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ متعدد اضلاع میں دن کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی پہلی بلٹ ٹرین چلانے کا فیصلہ، روٹ کی تفصیلات سامنے آگئیں

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، ملاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، پشاور، صوابی اور وزیرستان میں بارش اور آندھی کا امکان ہے، جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر برفباری بھی متوقع ہے۔

اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں استور، گلگت، سکردو، دیامر، غذر، ہنزہ، نگر، مظفرآباد، وادی نیلم، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی اور پونچھ میں 18، 19، 22 اور 23 اپریل کو تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

این ای او سی نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جبکہ بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں برفباری اور بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، اس لیے شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات نے بارشوں کا نیا الرٹ جاری کردیا

این ای او سی کے مطابق عوام بروقت معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” سے رہنمائی حاصل کریں، جبکہ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *