پنجاب کے سیاحتی مقامات پر مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کی توجہ حاصل کرنے، سیاحت کو فروغ دینے اور سیاحوں کی تعداد بڑھانے کے لیے نئی ایپ متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی معیار کی اس ایپ کے ذریعے سیاحوں کو تمام معلومات ایک کلک پر دستیاب ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق “میگنیفیسنٹ پنجاب ٹورازم ایپ” میں 170 سیاحتی مقامات کو گوگل کوآرڈینیٹس کے ساتھ شامل کیا گیا ہے جبکہ ورچوئل سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر یہ ایپ تیار کی گئی ہے اور وہ ورلڈ ٹورازم ڈے پر اس کا باضابطہ افتتاح کریں گی۔ محکمہ سیاحت پنجاب نے یہ ایپ پی آئی ٹی بی سے تیار کروائی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایپ میں اے آر/وی آر ٹیکنالوجی کی مدد سے ورچوئل ایکسپیرینس کی سہولت دی گئی ہے، جس کے ذریعے سیاح کسی بھی سیاحتی مقام کا ورچوئل وزٹ کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ ایپ کے ذریعے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کی بکنگ کی جا سکے گی۔ آن لائن ٹیکسی کی سہولت کے لیے متعلقہ کمپنیز کے ساتھ معاہدہ بھی کیا گیا ہے، جبکہ ہنگامی صورتحال میں ایمرجنسی نمبرز پر رابطے کی سہولت بھی موجود ہوگی۔