امریکی صدر سے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی ملاقات، سیکورٹی و انٹیلی جنس تعاون بڑھانے پر زور،اعلامیہ

امریکی صدر سے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی ملاقات، سیکورٹی و انٹیلی جنس تعاون بڑھانے پر زور،اعلامیہ

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات کا تفصیلی اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، وزیراعظم کے ہمراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں شریک تھے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کو امن کا علمبردار قرار دیا اور کہا کہ دنیا میں تنازعات کے خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔

ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی میں تعاون، علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے پاکستان کے کردار کی امریکی حکومت اور عوام کی جانب سے توثیق پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سکیورٹی اور انٹیلی جنس تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے اس بات کو سراہا کہ امریکی صدر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کے قیام میں اہم کردار ادا کیا جس سے خطے میں بڑے تصادم سے بچاؤ ممکن ہوا،شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کی قیادت کو جرأت مندانہ قرار دیا۔

مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے غزہ میں جنگ کے فوری خاتمے کے لیے امریکی صدر کی کوششوں اور نیویارک میں مسلم رہنماؤں کو امن مذاکرات کے لیے مدعو کرنے کے اقدام کو قابلِ تعریف قرار دیا۔

مزید برآں وزیراعظم نے اس سال کے آغاز میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے ٹیرف معاہدوں پر بھی شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی دیرینہ شراکت داری صدر ٹرمپ کی قیادت میں مزید مضبوط ہو گی، اس موقع پر انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے زرعی، معدنیات، آئی ٹی اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو پاکستان کے سرکاری دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی، جسے امریکی صدر نے خوش دلی سے قبول کیا، اوول آفس میں ہونے والی یہ ملاقات تقریباً پچپن منٹ تک جاری رہی، جس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی شریک تھے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *