گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں جلسہ منعقد کرنا مناسب نہیں ہے اور اس سے تحریک انصاف کے بانی آزاد نہیں ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے واضح کیا کہ جلسے کا انتظام عوام کے ٹیکس کے پیسوں پر اضافی بوجھ ڈالے گا اور اس کے لیے لوگوں کو کرایے پر لانا پڑے گا جو کہ شفافیت اور عوامی وسائل کے مؤثر استعمال کے نقطہ نظر سے درست نہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں :خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی نہیں قومی یکجہتی کی ضرورت ہے، فیصل کریم کنڈی
فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے کہا کہ وہ وہ واضح کریں کہ ریاست کے ساتھ ہیں یا دہشتگردوں کے ساتھ ،انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال غیر مستحکم ہے اور حکومت کی طرف سے کوئی واضح سمت نظر نہیں آ رہی۔
صوبہ اپنے امور میں خود مختار ہے اور اسے عوام کے سامنے واضح حکمت عملی پیش کرنی چاہیے،گورنر نے مزید کہا کہ عوام نے مختلف مواقع پر قربانیاں دی ہیں، لیکن بدقسمتی سے وزیر اعلیٰ خود بھی صورتحال سے مکمل آگاہ نہیں ہیں کہ صوبے میں اصل میں کیا ہو رہا ہے۔
پاکستان کے آئین اور قانون کو ماننے والوں کے ساتھ بات چیت ہوسکتی ہے جو آئین کو نہیں مانتا اس کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوسکتی۔