ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت تیسری بار ٹاکرے کے لیے تیار ہیں ، اس ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار، 28 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
کشیدگی کے ماحول کے باوجود دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین بڑے مقابلے کے لیے بے تاب نظر آتے ہیں اور بڑی تعداد میں ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خلیج ٹائمز کے مطابق فائنل مقابلے کے لیے میچ کے ٹکٹوں کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے اور جمعہ، 26 ستمبر تک پلاٹینم لسٹ کی ویب سائٹ پر ہائی اسٹینڈ کے ٹکٹ 350 درہم میں دستیاب ہیں، جبکہ ہاسپیٹیلٹی پاسز کی قیمت 1500 درہم سے شروع ہو رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق منتظمین نے ایک پروموشن اسکیم کا اعلان بھی کیا ہے، شائقین تین پریمیم ٹکٹ دو کی قیمت میں حاصل کر سکتے ہیں یعنی (دو ٹکٹ خریدیں، ایک مفت پائیں کی پیشکش سے فائدہ اٹھا سکیں گے) تاکہ آخری لمحات میں بھی زیادہ سے زیادہ لوگ اس یادگار مقابلے کا حصہ بن سکیں۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کا انعقاد ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بھارت اور پاکستان کے تعلقات کشیدہ ہیں اور اس کا اثر کرکٹ میدان میں بھی دیکھنے کو ملا ہے، دونوں ٹیموں کے ابتدائی دو میچوں میں کھلاڑیوں نے میچ کے بعد مصافحہ کرنے سے انکار کیا تھا۔
تنازعات کے باوجود قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کھلاڑیوں کو کرکٹ پر توجہ دیں کی تلقین کی ہے۔
ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت اتوار کو فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔
1984 سے اب تک ایشیا کپ کے 16 ایڈیشن کھیلے جاچکے ہیں اور کبھی بھی پاکستان اور بھارت ایک ساتھ فائنل میں نہیں پہنچے تھے تاہم شائقین کرکٹ 28 ستمبر کو پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کو مدمقابل دیکھیں گے۔