پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو پشاور میں ہونے والے جلسے میں شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی۔
جلسہ گاہ میں ہلڑ بازی کے باعث مرد کارکن خواتین کے پنڈال میں داخل ہوگئے، جس پر خواتین نے پنڈال چھوڑ کر باہر نکلنے میں عافیت جانی۔ اس دوران جلسے کا انتظام مکمل طور پر متاثر ہوگیا۔
جلسے میں اس وقت صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی جب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خطاب کے دوران کارکنان نے احتجاج شروع کردیا۔ پنڈال میں موجود شرکاء نے علی امین گنڈاپور کے خلاف نعرے بازی کی اور بوتلیں پھینکیں۔ کارکنوں کے مسلسل ’’نہیں نہیں‘‘ کے نعروں کے باعث وزیراعلیٰ کو اپنا خطاب ادھورا چھوڑنا پڑا۔
علی امین گنڈاپور کے مائیک چھوڑنے کے بعد علی محمد خان اسٹیج پر آئے اور خطاب شروع کیا، مگر احتجاجی کارکنان نے ان کے خلاف بھی نعرے بازی کی اور جوتے لہرا کر ردعمل دیا۔ صورتحال کے باعث جلسے کا ماحول مزید کشیدہ ہوگیا اور بدنظمی برقرار رہی۔