ٹورنٹو جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کےلیے بڑی خبر

ٹورنٹو جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کےلیے بڑی خبر

قومی ایئرلائن کا ٹورنٹو کے لیے فلائٹ آپریشن ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق اسی ماہ پروازیں آپریشنل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، تاہم یہ ہدف پورا نہ ہوسکا۔

ایئرلائن ذرائع نے بتایا کہ ٹورنٹو فلائٹس کے لیے استعمال ہونے والے بوئنگ 777 ایل آر طیاروں کی بروقت مرمت نہیں ہوسکی۔ انتظامیہ نے 28 ستمبر کو ٹورنٹو کے لیے پرواز چلانے کا ہدف رکھا تھا، لیکن لینڈنگ گیئر کی تبدیلی کے لیے درکار ٹولز شعبہ انجینئرنگ میں دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے طیارے گراؤنڈ ہیں۔

ذرائع کے مطابق بوئنگ 777 طیارے کے نئے لینڈنگ گیئر کراچی پہنچا دیے گئے ہیں، تاہم ضروری ٹولز کی عدم دستیابی تک مرمت ممکن نہیں۔ قومی ایئرلائن ٹورنٹو روٹ کے لیے دو بوئنگ 777 ایل آر طیارے استعمال کرتی ہے، جو کئی ہفتوں سے گراؤنڈ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صوبہ سندھ اور پنجاب سے تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

اس صورتحال کے باعث ٹورنٹو کی پروازوں کی بحالی مزید کئی دن تک ممکن نظر نہیں آتی۔ ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ طیاروں کی کمی کی وجہ سے قومی ایئرلائن کی برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی میں بھی تاخیر ہوسکتی ہے۔

Related Articles