فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ سال 2025 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2025 ہے اور اس میں کسی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔
جاری وضاحت میں کہا گیا ہے کہ سال 2025 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن کی تاریخ میں توسیع کی خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔
ایف بی آر نے سیلاب سے توسیع کو جوڑنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہےکہ زیادہ تر ٹیکس دہندگان سیلاب سے متاثر نہیں ہوئے ہیں ان کے پاس کافی وقت تھا جب کہ آئی آر آئی ایس سسٹم کی سست روی کے دعوے بھی غلط ہیں،یہ پلیٹ فارم مکمل فعال ہے۔
ایف بی آر نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ تاریخ تک ریٹرن جمع نہ کرانے کے نتائج ہوں گے ۔
اس سے قبل ایف بی آر نے انکم ٹیکس ریٹرن فارم 2025 کے حوالے سے پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کو مسترد کرتے ہوئے وضاحت دی تھی کہ اس فارم میں کسی قسم کی تبدیلی یا ترمیم نہیں کی گئی۔
ترجمان کے مطابق یہ فارم 7 جولائی 2025 کو ایف بی آر کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا گیا تھا۔