ترکیہ کے صدارتی دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر رجب طیب اردوان نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور خطے میں استحکام کے لیے جاری کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
بیان کے مطابق صدر اردوان نے کہا کہ خطے میں حالیہ سفارتی پیش رفت کے بعد صورتحال میں نسبتاً بہتری آئی ہے اور عالمی سطح پر بھی اس کے مثبت اثرات دیکھے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ کشیدگی میں کمی کے اقدامات کو مزید آگے بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ خطہ کسی بڑے بحران سے محفوظ رہ سکے۔
ترک صدر نے اپنے مؤقف میں کہا کہ ترکیہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ہر ممکن سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا اور تمام فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ تحمل اور مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ صدر اردوان نے اسرائیل کے بعض اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ خطے میں ہونے والی پیش رفت اور اشتعال انگیز سرگرمیوں پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی بڑھانے والے اقدامات کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں اور ایسے طرزِ عمل سے پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں،صدر اردوان نے زور دیا کہ خطے کو دوبارہ تصادم اور بدامنی کی طرف دھکیلنے سے بچانے کے لیے تمام فریقین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
ترک صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ علاقائی مسائل کا حل صرف مذاکرات، سفارت کاری اور باہمی احترام کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ ہر اس کوشش کی حمایت جاری رکھے گا جو خطے میں امن، استحکام اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کی جائے۔