آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2026 کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے،الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق 45 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 852 امیدوار انتخابی میدان میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ 320 سے زائد امیدوار دستبردار ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ امیدوار ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں سے سامنے آئے ہیں جہاں 135 امیدوار انتخاب لڑ رہے ہیں۔ مظفرآباد کے 5 حلقوں سے 126 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ پونچھ اور سدھنوتی کے 7 حلقوں سے بھی 126 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
اسی طرح میرپور کے 4 حلقوں سے 98 امیدوار، باغ اور حویلی کے 4 حلقوں سے 83 امیدوار، بھمبر کے 3 حلقوں سے 63 امیدوار، نیلم کے 2 حلقوں سے 51 امیدوار جبکہ جہلم ویلی سے 34 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں،الیکشن کمیشن کے مطابق مہاجرین کی 12 نشستوں پر 126 امیدوار ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں 24 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ آزاد امیدواروں کو بھی جلد نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔