پاکستان میں الیکٹرک وہیکل متعارف کرانے کی تیاریاں جاری ہیں اور اس حوالے سے سندھ سے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔
ماحولیاتی آلودگی سے متاثرہ ممالک میں پاکستان پہلے 10 ممالک میں شامل ہے، اسی لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں الیکٹرک ٹرانسپورٹ کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رواں برس صوبے میں الیکٹرک وہیکل ٹیکسی (ای وی ٹیکسی) سروس شروع کی جائے گی۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور دیگر افسران شریک ہوئے۔
شرجیل انعام میمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت پاکستان میں پہلی بار اپنی ٹیکسی سروس کا آغاز کرنے جا رہی ہے اور دسمبر تک ای وی ٹیکسی سروس عوام کو فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ ابتدائی مرحلے میں خواتین کے لیے پہلی ای وی ٹیکسیاں مخصوص کی جائیں گی تاکہ انہیں محفوظ اور جدید سفری سہولت میسر ہو۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی کی ٹرانسپورٹ میں ڈبل ڈیکر بسوں کے ساتھ مزید ای وی بسیں بھی جلد شامل کی جائیں گی۔ شرجیل میمن کے مطابق ای وی گاڑیوں کے لیے انفرااسٹرکچر اور چارجنگ اسٹیشنز کی تیاری پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔