وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل نے بھی امن معاہدے کی حمایت کی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل نے بھی امن معاہدے کی حمایت کی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امن معاہدے کی مکمل حمایت کی ہے، جبکہ شہباز شریف نے میرے 20 نکاتی امن معاہدے کا خیرمقدم بھی کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امن منصوبے کے لیے مشرق وسطیٰ کے ممالک سے مکمل حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران سے متعلق بھی نیتن یاہو کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے۔ ان کے بقول مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے آج ایک عظیم اور تاریخی دن ہے اور نیتن یاہو کے ساتھ ابراہم معاہدے کو وسعت دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ غزہ جنگ کا خاتمہ مشرق وسطیٰ کے امن وژن کا ایک چھوٹا سا حصہ ہے۔ ہم غزہ امن معاہدے کے انتہائی قریب پہنچ چکے ہیں اور میں اسرائیلی وزیراعظم کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے امن معاہدے کو تسلیم کیا۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ سعودی ولی عہد بہترین انسان ہیں اور امیر قطر غیر معمولی شخصیت کے مالک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عرب اور مسلم ممالک حماس سے بات کریں گے، تاہم اگر حماس نے امن معاہدہ قبول نہ کیا تو نیتن یاہو اپنی مرضی کے مطابق اقدام کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صدر ٹرمپ کا غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق بڑا اعلان

انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں نیتن یاہو نے فلسطینی ریاست کی مخالفت کی۔ ہماری خواہش ہے کہ غزہ میں موجود یرغمالیوں میں سے 32 افراد کی لاشیں اور 22 افراد کی زندہ واپسی ممکن ہو سکے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم غزہ میں عبوری انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ میری سربراہی میں امن کونسل غزہ کی عبوری انتظامیہ کی تشکیل کی ذمہ دار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ اتھارٹی کا صدر میں خود ہوں گا جبکہ سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر اس کے رکن ہوں گے۔ نئی حکومت فلسطینیوں اور دنیا بھر کے ماہرین پر مشتمل ہوگی۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ میں گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل کی خود مختاری کو تسلیم کرتا ہوں، جبکہ مسلم ممالک نے غزہ کو غیر فوجی علاقہ بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

 

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *