سوزوکی موٹرز نے پاکستان میں آلٹو کار کے خریداروں کے لیے ایک نئی اور پرکشش اسکیم متعارف کرائی ہے، اس منصوبے کے تحت صارفین اپنی پرانی گاڑی کے بدلے صرف ماہانہ 18,999 روپے کی آسان اقساط میں نئی سوزوکی آلٹو حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ سکیم سوزوکی اور ایچ بی ایل کے اشتراک سے شروع کی گئی ہے، جس میں فنانسنگ پر 10 فیصد مارک اپ رکھا گیا ہے۔
سوزوکی موٹرز کا یہ منصوبہ پرانی گاڑی کی قیمت کے تخمینے پر مبنی ہے، اگر صارف کی پرانی گاڑی کی مالیت 21 لاکھ روپے یا اس سے کم ہے تو خریدار کو 18 ہزار 999 روپے ماہانہ ادائیگی کرنا ہوگی جبکہ باقی رقم ایچ بی ایل کے ذریعے 10 فیصد شرحِ سود پر فنانس کی جائے گی تاہم اگر پرانی گاڑی کی قیمت 21 لاکھ روپے سے زیادہ ہے تو اضافی رقم نئی آلٹو کی فنانسنگ میں کمی کر دے گی، جس سے ماہانہ قسطیں مزید کم ہو سکتی ہیں۔
مثال کے طور پر اگر کسی صارف کی پرانی گاڑی 25 لاکھ روپے میں ویلیو کی جاتی ہے تو 4 لاکھ روپے اضافی رقم کے طور پر فنانسنگ میں کمی آئے گی، جبکہ ابتدائی 18 ہزار 999 روپے کی ادائیگی بدستور برقرار رہے گی۔
کمپنی کے مطابق یہ سہولت مخصوص شرائط و ضوابط کے ساتھ دستیاب ہے، جس میں گاڑی کا ایکسچینج اور ایچ بی ایل کی فنانسنگ شامل ہے۔
سوزوکی حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد صارفین کو آسان اور لچکدار ادائیگی کا نظام فراہم کرنا ہے تاکہ وہ نئی آلٹو زیادہ آسانی اور سہولت سے حاصل کر سکیں۔