ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز کا فتنہ الہندوستان کے خلاف خفیہ اطلاعات پر بڑا آپریشن، 7 دہشتگرد ہلاک

ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز کا فتنہ الہندوستان کے خلاف خفیہ اطلاعات پر بڑا آپریشن، 7 دہشتگرد ہلاک

ضلع خضدار کے علاقے زہری اور اس کے ملحقہ پہاڑی سلسلوں میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشتگرد تنظیم ’فتنہ الہندوستان‘ کے خلاف ایک بڑا اور بھرپور آپریشن شروع کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کی موجودگی اور ان کی نقل و حرکت کے بارے میں قابل اعتماد خفیہ معلومات حاصل ہونے کے بعد آپریشن کا آغاز کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:کوئٹہ میں فتنہ الہندوستان کی ایف سی ہیڈکوارٹر پر خود کش حملے کی بڑی کوشش ناکام، بھارتی حمایت یافتہ 5 دہشتگرد ہلاک

ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے نہ صرف علاقے میں اپنی موجودگی قائم کر رکھی تھی بلکہ مقامی آبادی کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا تھا۔ اس صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں زمینی فورسز اور ہیلی کاپٹرز کے ساتھ مشترکہ آپریشن کا آغاز کیا۔ آپریشن کے دوران اب تک فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے کم از کم 7 دہشتگرد مارے جا چکے ہیں جبکہ 10 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں خطرناک اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے جن میں تیار شدہ آئی ای ڈیز، ٹرانسمیٹرز، امریکی ساختہ خودکار ہتھیار، دستی بم، گولیاں اور موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:جعفر ایکسپریس حملے کا ماسٹر مائند ’فتنہ الہندوستان‘ کا اہم دہشتگرد افغانستان میں پراسرار طور پر ہلاک

علاوہ ازیں، سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی جانب سے بدوکشت کے مرکزی پل پر نصب کی گئی ایک بڑی آئی ای ڈی کو بھی بروقت کارروائی کرتے ہوئے کامیابی سے ناکارہ بنا دیا، جس سے ممکنہ بڑے جانی و مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کو بھارت کی پشت پناہی حاصل ہے اور یہ تنظیم بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہی ہے۔ فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ زہری سمیت بلوچستان بھر میں بھارت کی ایماء پر کام کرنے والے عناصر کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے جبکہ مقامی آبادی کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *