امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوجی جنرلز سے خطاب کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کی اور کہا کہ وہ پاکستان میں ایک انتہائی اہم شخصیت ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب میں کہا کہ میں نے 7 جنگیں ختم کرائیں اور کل ایک جنگ کا تصفیہ بھی کیا۔ ان کے مطابق ان جنگوں میں سب سے بڑی پاکستان اور بھارت کی جنگ تھی جو ایٹمی جنگ بن سکتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ جنگیں رکوانے کے لیے تجارت کا راستہ اختیار کیا، پاکستان اور بھارت دونوں سے کہا کہ جنگ روکو اور تجارتی معاہدہ کرو۔ ٹرمپ کے بقول بھارت اور پاکستان دونوں بڑے ایٹمی ممالک ہیں اور اس جنگ میں 7 طیارے گرائے گئے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ تین روز پہلے وزیراعظم پاکستان فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ یہاں موجود تھے۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ ٹرمپ نے جنگ رکوا کر لاکھوں جانیں بچائیں، اگر جنگ ہو جاتی تو حالات بہت زیادہ خراب ہوتے۔
امریکی صدر نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا یہ تبصرہ مجھے بہت اچھا لگا۔ ان کی تعریف کو میں نے اپنے لیے اعزاز سمجھا۔ ٹرمپ کے مطابق فیلڈ مارشل نے یہ بات ہمارے ساتھ موجود دو جنرلز کے سامنے کہی۔