معروف سافٹ ویئر کمپنی ایڈوب نے اپنی کری ایٹو کلاؤڈ ایپلی کیشنز میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی نئے اسسٹنٹس متعارف کرا دیے ہیں، جو صارفین کو بار بار کیے جانے والے پیچیدہ کام تیزی سے مکمل کرنے میں مدد دیں گے۔
ایڈوب کے مطابق صارفین صرف اپنی ضرورت بتائیں گے اور اے آئی اسسٹنٹ تصاویر کا سائز تبدیل کرنے، ویڈیوز کو ترتیب دینے، لے آؤٹ تیار کرنے اور ابتدائی ویڈیو ایڈیٹنگ جیسے کئی مراحل خود مکمل کر سکے گا۔
کمپنی نے بتایا کہ یہ ’’کری ایٹو ایجنٹ‘‘ ٹیکنالوجی کری ایٹو کلاؤڈ، فائر فلائی پلیٹ فارم اور دیگر اے آئی سروسز بشمول چیٹ جی پی ٹی اور کلاڈ کے ساتھ کام کرے گی۔
ایڈوب کا کہنا ہے کہ یہ ٹول تخلیقی عمل کے مختلف مراحل، یعنی خیال سے لے کر تیاری اور پروڈکشن تک، صارفین کی مدد کرے گا۔ صارف خود فیصلہ کر سکیں گے کہ کون سے کام اے آئی کے حوالے کرنے ہیں اور کون سے کام وہ خود کرنا چاہتے ہیں۔
فوٹوشاپ اور پریمیئر میں نئے فیچرز
پریمیئر پرو میں اے آئی اسسٹنٹ ویڈیو فوٹیج کو ترتیب دینے، کلپس کے نام تبدیل کرنے، انٹرویو کے اہم حصے شناخت کرنے، مارکر لگانے اور ابتدائی ویڈیو کٹ تیار کرنے میں مدد دے گا۔
فوٹوشاپ میں یہ فیچر تصاویر کے بیک گراؤنڈ تبدیل کرنے، مختلف پلیٹ فارمز کے لیے تصاویر کا سائز تبدیل کرنے اور لیئرز کو منظم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایڈوب کے مطابق اے آئی اسسٹنٹس کا مقصد تخلیقی فیصلے کرنا نہیں بلکہ وقت لینے والے بار بار کے کاموں کو آسان بنانا ہے۔
السٹریٹر اور اِن ڈیزائن میں بھی اے آئی کی مدد
السٹریٹر کا اے آئی اسسٹنٹ ایک ہی فائل کے متعدد ورژن بنانے، لیئرز کو ترتیب دینے اور ڈیزائن فائل کی جانچ کرنے میں مدد دے گا۔جبکہ اِن ڈیزائن میں یہ نیا برانڈ پی ڈی ایف استعمال کرکے لے آؤٹ، ٹیکسٹ اسٹائلز اور پرنٹ سے متعلق ضروریات کو اپ ڈیٹ کر سکے گا۔
ایڈوب نے فائر فلائی اے آئی اسسٹنٹ میں بھی نئے فیچرز شامل کیے ہیں، جو خاص طور پر سوشل میڈیا کریئیٹرز اور چھوٹے کاروبار چلانے والوں کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔
نئے ٹولز میں برانڈ کِٹ شامل ہے، جو صارف کی دی گئی تفصیلات کی بنیاد پر لوگو، برانڈ شناخت اور رنگوں کی اسکیم تیار کر سکتا ہے۔
اس کے علاوہ پروڈکٹ تصاویر کو مختصر ویڈیوز میں تبدیل کرنے، ویڈیو کلپس کو خودکار انداز میں ایڈٹ کرنے اور اسٹوری بورڈز بنانے کے فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔
چیٹ جی پی ٹی اور دیگر پلیٹ فارمز پر بھی دستیابی
ایڈوب اپنے اے آئی ٹولز کو دیگر پلیٹ فارمز تک بھی وسعت دے رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ ٹولز پہلے ہی چیٹ جی پی ٹی، کلاڈ اور مائیکروسافٹ 365 کو پائلٹ کے ساتھ کام کر رہے ہیں، جبکہ گوگل جیمِنائی اور سلیک کے ساتھ انضمام پر بھی کام جاری ہے۔
ایڈوب کے مطابق مقصد یہ ہے کہ صارفین کو کام کے دوران بار بار مختلف ایپلی کیشنز کے درمیان منتقل نہ ہونا پڑے۔
فوٹوشاپ، پریمیئر، السٹریٹر، اِن ڈیزائن اور فریم ڈاٹ آئی او کے اے آئی اسسٹنٹس فی الحال پبلک بیٹا مرحلے میں دستیاب ہیں، جبکہ آفٹر ایفیکٹس کا اے آئی اسسٹنٹ محدود صارفین کے لیے پرائیویٹ بیٹا میں ہے۔
فائر فلائی کے نئے فیچرز ویب ایپلی کیشن کے ذریعے دستیاب ہیں، جبکہ نئے فائر فلائی اسٹوڈیو، ایلیمنٹس اور پروجیکٹس فیچرز کے لیے صارفین کو انتظار کی فہرست میں شامل ہونا ہوگا۔