مہنگائی کا وار! گندم کی قیمت 4 ہزار سے تجاوز ، 5 کلو آٹے کا تھیلا ایک ہزار روپے تک پہنچ گیا

مہنگائی کا وار! گندم کی قیمت 4 ہزار سے تجاوز ، 5 کلو آٹے کا تھیلا ایک ہزار روپے تک پہنچ گیا

ملک میں مہنگائی عروج پر ہے اور اب عام آدمی کی سب سے بڑی ضرورت یعنی آٹا بھی شہریوں کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے،  گندم کی قیمت میں مسلسل اضافے کے بعد آٹے کی قیمتوں نے بھی عوام کی پریشانی میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس وقت  5 کلو آٹے کا تھیلا 950 سے 1000 روپے میں فروخت ہونے لگا ہے،  ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم کی فی من قیمت 4 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے جبکہ آٹے کی قیمت 8 ہزار روپے فی من سے تجاوز کر گئی ہے، مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی قیمتوں نے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔

ماہرین کے مطابق گندم کی سپلائی میں کمی، ذخیرہ اندوزی اور نجی فلور ملز کی جانب سے منافع خوری اس بحران کی اہم وجوہات بن رہی ہیں ،  نجی کمپنیاں موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کر رہی ہیں، جس کا براہ راست اثر عام صارف پر پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیاء پہلے ہی مہنگی ہو چکی ہیں، اب آٹے کی قیمت میں اضافے نے گھریلو بجٹ مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے،  کئی علاقوں میں لوگ سستا آٹا تلاش کرنے کے لیے مختلف دکانوں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اے ٹی ایم فراڈ میں اضافہ ، اسٹیٹ بینک کا کمرشل بینکوں کو سیکیورٹی سخت بنانے کی ہدایت

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سمیت متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں کو فوری کنٹرول کیا جائے اور ذخیرہ اندوز عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

عوام کا کہنا ہے کہ اگر فوری ریلیف نہ دیا گیا تو آنے والے دنوں میں صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔

معاشی ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ اگر گندم اور آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا گیا تو مہنگائی کی نئی لہر جنم لے سکتی ہے ،  اس کے اثرات نہ صرف عام شہری بلکہ چھوٹے کاروبار اور دیہاڑی دار طبقے پر بھی پڑیں گے۔

editor

Related Articles