رمضان المبارک کی برکتوں سے لبریز فضا ایک بار پھر قریب آ رہی ہے، دنیا بھر کے مسلمان اس مقدس مہینے کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں، اور اب اس کے آغاز میں محض تین ماہ باقی رہ گئے ہیں۔
اس حوالے سے ماہرین فلکیات اور موسمیات کی جانب سے 2026 کے رمضان اورعیدالفطر کے متعلق اہم پیشگوئیاں سامنے آئی ہیں۔
العربیہ کے مطابق، امارات فلکیاتی انجمن نے پیشگوئی کی ہے کہ نیا ہجری سال 1447ھ کا پہلا روزہ جمعرات 19 فروری 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔
انجمن کے صدر ابراہیم جروان کے مطابق، رمضان کا چاند منگل 17 فروری 2026 کو شام 4:01 بجے (اماراتی وقت کے مطابق) پیدا ہوگا، جو سعودی وقت کے مطابق 3:01 بجے بنتا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ سورج غروب ہونے کے محض ایک منٹ بعد ہی چاند غائب ہو جائے گا، اور اس وقت چاند کی عمر تقریباً 2 گھنٹے 12 منٹ ہوگی، جس کی بنیاد پر اس شام ہلال نظر آنے کا امکان نہایت کم ہے۔
اسی لیے فلکیاتی اندازوں کے مطابق، رمضان المبارک کا آغاز جمعرات 19 فروری کو ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ابراہیم جروان کا یہ بھی کہنا ہے کہ رمضان 2026 میں 29 روزے ہوں گے، اور عیدالفطر جمعہ 20 مارچ 2026 کو منائے جانے کا امکان ہے۔
تاہم یہ بات ذہن نشین رہے کہ اسلامی مہینوں کا آغاز چاند کی رؤیت پر منحصر ہوتا ہے، اور باضابطہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے ہی کیا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق موسم کی صورتحال کی بات ہو تو رمضان کے آغاز میں درجہ حرارت 16 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا، مہینے کے اختتام تک، موسم بہار کی آمد کے ساتھ، درجہ حرارت 19 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔