نادرا نے والدین کے لیے بچوں کا ب فارم (چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ) بنوانے کا عمل مزید آسان بنا دیا ہے۔ اب شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے یا طویل قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں، کیونکہ یہ سہولت مکمل طور پر آن لائن فراہم کر دی گئی ہے۔
نادرا کے مطابق، شہری اب “پاک آئی ڈی” (Pak-ID) موبائل ایپ کے ذریعے اپنے بچوں کا ب فارم گھر بیٹھے ہی بنوا سکتے ہیں۔ ایپ میں درخواست جمع کرانے، فیس کی ادائیگی، ب فارم ڈاؤن لوڈ کرنے اور اسے “آئی ڈی والٹ” (ID Vault) میں محفوظ رکھنے کے تمام مراحل چند منٹوں میں مکمل کیے جا سکتے ہیں۔
ایپ کے ذریعے والدین صرف چند آسان مراحل میں درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ اس کے لیے انہیں اپنی شناختی تفصیلات اور بچے کی بنیادی معلومات فراہم کرنا ہوں گی، جب کہ ضروری دستاویزات، جیسے پیدائش کا سرٹیفیکیٹ یا والدین کے شناختی کارڈ کی تصاویر، ایپ پر اپ لوڈ کرنی ہوں گی۔ درخواست جمع ہونے کے بعد نادرا کی جانب سے تصدیقی عمل مکمل کیا جاتا ہے، اور ب فارم تیار ہونے پر صارف کو ایپ کے ذریعے اطلاع موصول ہوتی ہے۔
نادرا کے ترجمان کے مطابق، شہری ب فارم کو ایپ سے ڈاؤن لوڈ کر کے پرنٹ نکال سکتے ہیں یا اسے ڈیجیٹل طور پر “آئی ڈی والٹ” میں محفوظ رکھ سکتے ہیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی تعلیمی یا سرکاری ادارے میں آسانی سے استعمال کیا جا سکے۔
نادرا حکام کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا مقصد شہریوں کو وقت اور سفر کے اخراجات سے بچانا ہے۔ ادارے کے مطابق، ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ خدمات کو ڈیجیٹل کیا جائے تاکہ عوام کو نادرا دفاتر میں طویل انتظار سے نجات مل سکے۔
واضح رہے کہ “پاک آئی ڈی” موبائل ایپ کے ذریعے اس سے قبل قومی شناختی کارڈ (CNIC) اور اسمارٹ کارڈ کی تجدید کی سہولت بھی فراہم کی جا چکی ہے، جسے لاکھوں شہری کامیابی سے استعمال کر رہے ہیں۔