دارالحکومت میں ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق سری نگر ہائی وے پر بھی مختلف اوقات میں ٹریفک روکی جاسکتی ہے۔ مزید یہ کہ اسلام آباد میں کسی بھی جانب یا کسی بھی شاہراہ سے آنے والی ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔ ہیوی ٹریفک مالکان سے گزارش کی گئی ہے کہ ان دنوں میں مشکلات سے بچنے کے لیے اسلام آباد کی طرف سفر نہ کریں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مختلف سڑکوں کی بندش کے پیش نظر متبادل ٹریفک پلان پر عمل کریں۔ جی 5، جی 6، جی 7، ایف 6 اور ایف 7 کے رہائشی راولپنڈی آنے جانے کے لیے مارگلہ روڈ سے نائنتھ ایونیو استعمال کریں۔
فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ آنے جانے والی ٹریفک کو نائنتھ ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ زیرو پوائنٹ سے کورال چوک بند ہونے کی صورت میں شہری سری نگر ہائی وے سے نائنتھ ایونیو استعمال کرتے ہوئے اسٹیڈیم روڈ کے ذریعے مری روڈ، چاندنی چوک سے راول روڈ استعمال کرتے ہوئے کورال جا سکتے ہیں۔
پارک روڈ سے کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں ٹریفک کو ترامڑی چوک کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ بھارہ کہو سے راولپنڈی آنے جانے والے شہری کورنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ استعمال کریں۔
راولپنڈی صدر سے اسلام آباد آنے جانے والے شہری کرنل شیر خان روڈ سے فقیر ایپی روڈ یا نائنتھ ایونیو میں سے کوئی ایک راستہ اختیار کریں۔
جی ٹی روڈ پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک کو ٹیکسلا سے موٹروے، چکری انٹرچینج، چک بیلی روڈ کے ذریعے روات جی ٹی روڈ کی طرف بھیجا جائے گا۔ جبکہ جی ٹی روڈ لاہور سے پشاور جانے والی ہیوی ٹریفک کو روات سے چک بیلی روڈ، چکری انٹرچینج اور موٹروے کے راستے ٹیکسلا کی جانب سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔