سیکیورٹی فورسز کا بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کا بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف  کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے علاقے دالبندین میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد گروہ فتنہ الہندوستان کے خلاف ایک کامیاب کارروائی میں اہم کامیابی حاصل کرلی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، یہ کارروائی بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے جاری سیکیورٹی آپریشنز کے تسلسل کا حصہ ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کی تشکیل کا مکمل قلع قمع کردیا۔ کارروائی کے دوران تمام 6 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد ایک پہاڑی غار میں پناہ لیے ہوئے تھے، جہاں سے وہ علاقے میں بدامنی پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی سے قبل فضائی نگرانی کے ذریعے مسلسل مشاہدہ کیا گیا۔ اس نگرانی کے دوران دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر مکمل نظر رکھی گئی تاکہ کسی بھی ممکنہ فرار کو روکا جا سکے۔ مناسب وقت پر سیکیورٹی فورسز نے ان کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تمام دہشت گرد مارے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی سیکیورٹی فورسز اور خفیہ اداروں کے درمیان بہترین ہم آہنگی اور مربوط رابطے کا نتیجہ ہے۔ فورسز نے منصوبہ بندی کے تحت کارروائی کی، جس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں افغان طالبان کے حملے ناکام، درجنوں فنتہ الہندوستان اور خوارج دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ایسے آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے۔ سیکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کو دہشت گردی کی لعنت سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا اور کسی بھی دہشت گرد نیٹ ورک کو پنپنے نہیں دیا جائے گا۔

Related Articles