وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملنے سے انکار

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملنے سے انکار

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات سے انکار کردیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کسی رکن اسمبلی، خواہ وہ ایم پی اے ہو یا ایم این اے، نے بھی ورکشاپ کے شرکاء سے ملاقات نہیں کی۔

شرکاء کے مطابق نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے تحت ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے خیبر پختونخوا کے دورے کے دوران مقامی قیادت سے ملاقاتوں کا شیڈول ترتیب دیا تھا۔ تاہم، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ورکشاپ کے وفد سے ملاقات کے لیے وقت نہیں دیا۔ شرکاء نے اس رویے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی قیادت کا اس طرح تعاون نہ کرنا افسوسناک ہے۔

اس صورتحال پر بلوچستان کے سینئر سیاستدان سردار عبدالرحمن کھیتران نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف نے پاکستان بھر سے آنے والے نیشنل ورکشاپ کے شرکاء کے لیے پانچ گھنٹے کا قیمتی وقت نکالا، جب کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ملاقات کے لیے ایک لمحہ بھی نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھاکہ “آرمی چیف سے زیادہ مصروف تو کوئی نہیں ہوسکتا، اگر انہوں نے پانچ گھنٹے دیے تو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ایسی کیا مصروفیت تھی کہ وہ چند منٹ نہیں نکال سکے؟

یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کا بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک

سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ نیشنل ورکشاپ کا مقصد مختلف صوبوں کے درمیان ہم آہنگی، افہام و تفہیم اور باہمی تعلقات کو فروغ دینا ہے، لیکن وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے اس رویے سے ورکشاپ کے شرکاء کو مایوسی ہوئی۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کسی ایم پی اے یا ایم این اے نے بھی ورکشاپ کے وفد سے ملاقات نہیں کی، جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی قیادت نے اس قومی سطح کے پروگرام کو اہمیت نہیں دی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل میں تمام صوبائی قیادت کو ایسی قومی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے تاکہ صوبوں کے درمیان اعتماد اور تعاون کا جذبہ مزید مضبوط ہوسکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *