ہنگو میں دہشت گردی کے واقعے میں ایس پی آپریشن اسد زبیر اور دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ ہنگو میں پیش آیا، جہاں بارودی مواد کے دو دھماکوں نے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔
ڈی پی او خانزیب مہمند نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق پہلا دھماکا پولیس چیک پوسٹ کے قریب نصب بارودی مواد پھٹنے سے ہوا۔ اس دھماکے کے نتیجے میں چیک پوسٹ کے قریب موجود ایک کمرہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے بارودی مواد پہلے سے ہی چیک پوسٹ کے قریب نصب کیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پہلے دھماکے کے کچھ دیر بعد دوسرا دھماکا ایس پی آپریشن اسد زبیر کی گاڑی کے قریب ہوا، جس کے نتیجے میں ایس پی آپریشن اسد زبیر موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ دھماکے میں ان کے ساتھ موجود دو پولیس اہلکار بھی جان کی بازی ہار گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
دھماکوں کے نتیجے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر ضلعی ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق دھماکوں میں ریموٹ کنٹرول بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ واقعے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے تاکہ علاقے کی مزید تلاشی لی جا سکے۔ حکام نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا اور واقعے کے ذمے داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔