دنیا کا مقبول ترین ویب براؤزر گوگل کروم ایک مرتبہ پھر سکیورٹی خطرے کی زد میں آگیا ہے گوگل کی انتظامیہ نے صرف ایک ہفتے کے اندر دوسری بار ہنگامی سکیورٹی اپ ڈیٹ جاری کرتے ہوئے صارفین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ فوراً اپنے براؤزر کو اپ ڈیٹ کریں۔
تازہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ اپ ڈیٹ ریموٹ کوڈ ایکزیکیوشن حملوں سے تحفظ کے لیے نہایت ضروری ہے کیونکہ ہیکرز اب ایک نئے خطرناک بگ کے ذریعے صارفین کے سسٹم تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ خامی کروم کے جاوا اسکرپٹ انجن میں دریافت ہوئی ہےماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بگ اتنا خطرناک ہے کہ کسی متاثرہ ویب سائٹ کے وزٹ کرنے پر بھی صارف کے کمپیوٹر یا موبائل میں نقصان دہ کوڈ خود بخود چل سکتا ہے۔
اگر بروقت اپ ڈیٹ نہ کی گئی تو ہیکرز صارفین کے ڈیٹا، فائلز اور اکاؤنٹس تک مکمل رسائی حاصل کر سکتے ہیںگوگل کی سکیورٹی ٹیم کے رکن سرینواس سِستا نے بتایا ہے کہ یہ مسئلہ کمپنی کے جدید مصنوعی ذہانت والے ٹول بگ سلیپ نے دریافت کیا۔
ان کے مطابق اس بگ کی مزید تکنیکی تفصیلات فی الحال ظاہر نہیں کی جا رہیں تاکہ صارفین کو اپ ڈیٹ انسٹال کرنے کا وقت مل سکے اور ہیکرز اس دوران کمزوری سے فائدہ نہ اٹھا سکیں۔
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ اپ ڈیٹ دنیا بھر میں تمام پلیٹ فارمز پر جاری کر دی گئی ہے اور آئندہ چند دنوں میں ہر صارف تک پہنچ جائے گی۔
یہ خبربھی پڑھیں :گوگل کا پاکستانی طلبا کے لیے شانداراعلان
ونڈوز اور میک استعمال کرنے والے صارفین کو ورژن 141.0.7390.122 یا 141.0.7390.123 تک اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ لینکس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ورژن 141.0.7390.122 دستیاب ہے۔
کمپنی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے براؤزر کو اپ ڈیٹ کریں۔ اگرچہ کروم عموماً خودکار طور پر اپ ڈیٹ ہو جاتا ہے لیکن ضرورت پڑنے پر صارفین اسے دستی طور پر بھی اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں۔
اپ ڈیٹ مکمل ہونے کے بعد براؤزر کو دوبارہ کھولنا ضروری ہے تاکہ نیا سکیورٹی پیچ فعال ہو سکے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کمزوری کا فائدہ اٹھانے والے سائبر حملے پہلے ہی شروع ہو چکے ہیں لہٰذا صارفین کے لیے فوری اپ ڈیٹ انتہائی ضروری ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :گوگل کا نوجوانوں کےلیے کیریئر اسکالرشپ پروگرام کا اعلان
سکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ تاخیر کی صورت میں ہیکرز صارفین کے ذاتی ڈیٹا، پاس ورڈز اور آن لائن اکاؤنٹس تک غیر قانونی رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
اس لیے اگر آپ بھی دنیا کے 3.5 ارب کروم صارفین میں شامل ہیں تو بہتر ہے کہ ابھی اپنا براؤزر اپ ڈیٹ کریں اور اپنے سسٹم کو محفوظ بنائیں۔