دنیا کی صفِ اول کی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان میں 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے طلبا کے لیے ایک سالہ ’گوگل اے آئی پرو پلان‘ بالکل مفت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ پیشکش گوگل کی جانب سے تعلیم، تحقیق، اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے عالمی مشن کا حصہ ہے۔
گوگل کی اس تعلیمی پیشکش کے تحت پاکستانی طلبا جدید ترین مصنوعی ذہانت (اے آئی ) ٹولز تک رسائی حاصل کر سکیں گے، جو ان کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے اور تحقیقی و تخلیقی منصوبوں میں مددگار ثابت ہوں گے۔
اہم خصوصیات میں جیمنائی 2.5 پرو ماڈل، جدید ترین اے آئی ماڈل تک رسائی، جو ڈیپ ریسرچ، اسائنمنٹس اور تخلیقی پروجیکٹس کے لیے مفید ہے۔
گوگل ایپس میں اے آئی انٹیگریشن، جی میل، ڈاکیومنٹس، شیٹس اور سلائیڈز میں براہِ راست اے آئی کی معاونت، جس سے ای میلز کا خلاصہ، پریزنٹیشنز کی تیاری اور ڈیٹا تجزیہ مزید آسان ہو جاتا ہے۔
نوٹ بک ایل ایم میں ذاتی نوعیت کا تحقیقی و تحریری ٹول، جو پانچ گنا بہترآڈیو اوورویوز اور نوٹ بکس کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ کری ایٹو ویڈیوز کی تیاری والے ٹولز میں تحریر یا تصاویر سے متحرک ویڈیوز بنانے کے لیے جدید فیچرز، جیسے ’یو ای او تھری‘ اور ’فلو‘ تک رسائی ممکن ہو گی۔
ٹی بی کلاؤڈ اسٹوریج میں گوگل ڈرائیو، جی میل اور فوٹوز میں وافر اسٹوریج، تاکہ طلبا اپنے نوٹس اور پراجیکٹس محفوظ طریقے سے اسٹور کر سکیں۔
کون اہل ہے؟
یہ سہولت 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے یونیورسٹی طلبا کے لیے دستیاب ہے۔ گوگل کے مطابق یہ پروگرام نہ صرف پاکستان بلکہ ایشیا پیسفک کے دیگر ممالک میں بھی جاری کیا گیا ہے۔
سائن اپ کیسے کریں؟
طلبا اس شاندار موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے گوگل کی جانب سے فراہم کردہ لنک پر جا کر سائن اپ کر سکتے ہیں۔ سائن اپ کے بعد وہ ایک سال تک مفت اے آئی پرو پلان کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔
گوگل کا یہ اقدام پاکستان میں ڈیجیٹل تعلیم اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے، جو ہزاروں طلبا کو عالمی معیار کی ٹیکنالوجی سے مستفید ہونے کا موقع دے گا۔