وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے قصرِ یمامہ میں ملاقات کی ہے۔
قصرِ یمامہ پہنچنے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف اور اُن کے ہمراہ وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی و بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جائے گا۔