محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ چند پہاڑی مقامات پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بیشتر میدانی علاقے خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے، تاہم رات اور صبح کے اوقات میں پہاڑی علاقوں کا موسم سرد رہے گا۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔ لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے مشرقی اضلاع میں سموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔
سیالکوٹ، خانیوال، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان میں بھی فضائی آلودگی کے باعث حدِ نگاہ متاثر رہنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، محکمۂ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، کوہستان اور کرم کے چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے جبکہ آزاد کشمیر میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، اسی طرح بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد جبکہ سندھ کے جنوب مشرقی ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل خشک موسم اور فضائی آلودگی کے باعث پنجاب کے مشرقی علاقے سموگ کے زیرِ اثر رہیں گے، لاہور کا ایئرانڈیکس آج خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے ۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہا، اور پنجاب کے مشرقی اضلاع میں اسموگ چھائی رہی۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ بدلتے موسم کے پیشِ نظر مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جبکہ فضائی آلودگی سے متاثرہ علاقوں کے رہائشی ماسک کے استعمال اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔