ٹک ٹاک صارفین کے لیے بڑی خوشخبری

ٹک ٹاک صارفین کے لیے بڑی خوشخبری

ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے اپنے صارفین کے لیے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ اب پلیٹ فارم کے ذریعے زیادہ پیسے کما سکیں گے۔ کمپنی نے اپنے سبسکرپشن ماڈل میں بڑی تبدیلی کی ہے جس کے تحت صارفین کو آمدنی میں 90 فیصد حصہ دیا جائے گا۔

امریکا میں منعقدہ ایک کانفرنس کے دوران کمپنی نے بتایا کہ اس نئے نظام کے تحت صارفین کو اپنی سبسکرپشنز سے ہونے والی آمدنی کا 90 فیصد تک حصہ حاصل ہوگا، تاہم اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے کچھ شرائط پوری کرنا ضروری ہوں گی۔

اس وقت ٹک ٹاک سبسکرپشن آمدنی کا 70 فیصد حصہ صارفین کو دیتا ہے، مگر اب اس میں 20 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔ کمپنی نے وضاحت کی کہ نئے ماڈل کے تحت اہل ہونے کے لیے صارف کے فالوورز کی تعداد کم از کم 10 ہزار ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ گزشتہ ماہ کے دوران اس کی ویڈیوز کے کم از کم ایک لاکھ ویوز ہونے چاہییں، جبکہ صارف نے گزشتہ ماہ تین یا اس سے زائد سبسکرپشن اونلی ویڈیوز پوسٹ کی ہوں۔

کمپنی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جتنا زیادہ تسلسل سے کوئی صارف کام کرے گا، اتنی ہی زیادہ کمائی کر سکے گا۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ سبسکرپشن سسٹم کے ذریعے صارفین کو اپنی کمیونٹیز مضبوط کرنے میں مدد ملتی ہے۔ سبسکرائبرز کو ماہانہ فیس کے عوض خصوصی مراعات دی جاتی ہیں جن میں اسپیشل بیجز، صرف سبسکرائبرز کے لیے پوسٹس، چیٹ فیچرز اور دیگر سہولتیں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاہورہائیکورٹ نے ٹک ٹاک لائیوفیچر اور فیملی ولاگنگ کیخلاف درخواست پر رپورٹ طلب کرلی

ٹک ٹاک کے مطابق یہ نیا سبسکرپشن پروگرام فی الحال امریکا اور کینیڈا میں نافذ کیا جا رہا ہے، تاہم آنے والے مہینوں میں اسے دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکا اور کینیڈا سے باہر فی الحال ٹک ٹاک سبسکرپشن آمدنی کا 50 فیصد حصہ صارفین سے شیئر کرتا ہے، مگر کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ عالمی سطح پر بھی یہ شرح 70 فیصد تک بڑھا دی جائے گی۔

یاد رہے کہ سبسکرپشن ماڈل کے تحت صارفین کو اپنے پسندیدہ کریئیٹرز کے خصوصی مواد، چینلز اور اسٹیکرز تک رسائی کے لیے ماہانہ فیس ادا کرنا ہوتی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *