پی آئی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ انہیں جلد اپنی پنشن کی رقم ملنے والی ہے۔
جنرل مینیجر پی آئی اے ہولڈنگ شاہد رضا کے مطابق سی ای او پی آئی اے ہولڈنگ اسد رسول کی ہدایت پر 13 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ فنڈز کی قلت کے باعث اس بار پنشن کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی تھی۔
شاہد رضا کا کہنا تھا کہ پی آئی اے سی ایل انتظامیہ کو فوری طور پر ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کی ادائیگی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ مستحق ملازمین کو ان کا حق جلد فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ ماہ سے کوشش کی جائے گی کہ ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی رقم مقررہ وقت پر ادا کی جائے تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے ریٹائرڈ ملازمین گزشتہ کئی ہفتوں سے پنشن کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار تھے، تاہم فنڈز جاری ہونے کے بعد ان کی مشکلات میں کمی آنے کی امید ہے۔