برطانیہ کے لیے 5 سال بعد پی آئی اے پرواز روانہ، ایئر لائن کو دوبارہ ’قومی فخر‘ بنائیں گے، خواجہ آصف

برطانیہ کے لیے 5 سال بعد پی آئی اے پرواز روانہ، ایئر لائن کو دوبارہ ’قومی فخر‘ بنائیں گے، خواجہ آصف

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے 5 سال کی معطلی کے بعد برطانیہ کے لیے اپنی پروازوں کا باضابطہ طور پر دوبارہ آغاز کر دیا ہے، جسے حکام نے قومی ایئرلائن کی تاریخ کا ’نیا باب‘ قرار دیا۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہفتے کے روز منعقدہ خصوصی تقریب میں اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے پہلی پرواز روانہ ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف تھے، جبکہ برطانوی ہائی کمشنر جین میریئٹ، سیکرٹری دفاع اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے کا پانچ سال بعد برطانیہ کے لیے پروازوں کا دوبارہ آغاز، پہلی پرواز کل مانچسٹر کیلئے اڑان بھرے گی

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ’یہ کامیابی حکومت کی درست ترجیحات اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ جب ہماری ایئرلائن پر پابندی لگی تو ملک کی ساکھ متاثر ہوئی اور ہمیں معاشی نقصان اٹھانا پڑا۔ آج عزم اور اصلاحات کے ذریعے ہم نے اپنے ایوی ایشن نظام کو ازسرِنو تعمیر کیا ہے‘۔

’سفارتی کوششیں رنگ لے آئیں‘

وزیر دفاع نے کہا کہ برطانیہ اور یورپ میں تعینات پاکستانی سفارت کاروں نے پی آئی اے کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ’ہمارے سفارت کاروں نے پاکستان کا کیس بھرپور انداز میں لڑا،‘ انہوں نے کہا اور جین میریئٹ اور ان کی ٹیم کا ’مثبت اور تعمیری کردار‘ ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سنگِ میل پاکستان کی بین الاقوامی ہوابازی برادری میں ساکھ کی بحالی کی پالیسی کی کامیابی کی عکاسی کرتا ہے۔

’معاشی و سماجی اہمیت‘

خواجہ آصف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی پاکستان کو معاشی اور سماجی طور پر مضبوط کرے گی، کیونکہ اس سے کمیونٹیز کے درمیان روابط بڑھیں گے اور کاروباری مواقع پیدا ہوں گے۔ ’پی آئی اے ایک نان پرافٹ ادارہ ہے، اور ہم اسے دوبارہ قومی فخر کی علامت بنانے کے لیے پرعزم ہیں‘۔

مانچسٹر کے بعد پی آئی اے کے منصوبے میں لندن اور برمنگھم کے لیے پروازوں کا آغاز بھی شامل ہے۔

’پروازوں کا شیڈول اور توسیعی منصوبہ‘

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق، ایئرلائن ابتدائی طور پر اسلام آباد اور مانچسٹر کے درمیان ہفتے میں 2 پروازیں چلائے گی، ہفتہ اور منگل کو، اسلام آباد سے روانگی: دوپہر 12 بجے، مانچسٹر آمد: شام 5 بجے (مقامی وقت)، اسی طرح مانچسٹر سے واپسی: شام 7 بجے، اسلام آباد آمد: صبح 7 بجے ہو گی۔

مزید پڑھیں:جہازوں کی کمی، روٹس میں اضافہ ، پی آئی اے کیلئے نئی مشکلات کھڑی ہو گئیں

پی آئی اے کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی طلب کو دیکھتے ہوئے پروازوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا، جبکہ اگلے مرحلے میں لندن کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔

ایئرلائن نے اس اقدام کو برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ’خوش آئند پیش رفت‘ قرار دیا ہے، جو پی آئی اے کی 2020ء کی معطلی کے بعد غیر ملکی ایئرلائنز پر انحصار کر رہے تھے۔

’دبئی ملتان پرواز میں سامان رہ گیا‘

دوسری جانب پی آئی اے کو ایک اور واقعے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جب دبئی۔ ملتان پرواز (PK-222) درجنوں مسافروں کا سامان دبئی میں چھوڑ آئی۔ متاثرہ مسافروں نے ملتان ایئرپورٹ پر شدید احتجاج کیا اور ایئرلائن پر غفلت کا الزام عائد کیا۔

ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کا سامان، جس میں اہم دستاویزات اور قیمتی اشیاء شامل ہیں، اگلی دستیاب پرواز کے ذریعے ملتان پہنچا دیا جائے گا۔

اس واقعے کے باوجود، حکام پرامید ہیں کہ برطانیہ کے لیے پروازوں کی کامیاب بحالی پی آئی اے کی بین الاقوامی ساکھ کی بحالی کا نقطۂ آغاز ثابت ہوگی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *