انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جو صارفین کو موبائل اسٹوریج کے مسائل سے بچانے میں مدد فراہم کرے گا۔
میٹا کی زیر ملکیت اس ایپ کے اس فیچر کا مقصد صارفین کے سمارٹ فونز میں موجود ڈیٹا کو بہتر انداز میں منظم کرنا اور غیر ضروری فائلز سے جگہ بچانا ہے۔
واٹس ایپ صارفین اکثر اپنی چیٹس میں بڑی تعداد میں ویڈیوز، تصاویر اور دیگر ڈاکومنٹس وصول کرتے ہیں، جس کی وجہ سے فون کی اسٹوریج تیزی سے بھر جاتی ہے۔
اب نئے فیچر کے ذریعے یہ مسئلہ آسانی سے حل کیا جا سکے گا۔ صارفین ہر چیٹ کے لیے علیحدہ اسٹوریج کنٹرول استعمال کر سکیں گے، جو پہلے صرف عمومی سٹوریج سیٹنگز کے تحت ممکن تھا۔
اس فیچر میں صارفین مخصوص چیٹس میں بھیجی گئی تصاویر، ویڈیوز اور ڈاکومنٹس دیکھ سکتے ہیں، سب سے بڑی فائلز کو جلدی سے شناخت کر سکتے ہیں اور انہیں حذف بھی کر سکتے ہیں۔
اس سے نہ صرف فون کی اسٹوریج بچائی جا سکتی ہے بلکہ غیر ضروری میڈیا کی وجہ سے سست ہونے والے فون کی کارکردگی بھی بہتر رہے گی۔
واٹس ایپ صارفین کو ہر چیٹ کے بارے میں فیصلہ کرنے کی سہولت دے گا کہ کون سی میڈیا فائلز فون میں محفوظ ہوں گی اور کون سی حذف کی جائیں۔ اس کے علاوہ، صارفین بڑی فائلز کو فوری حذف کر کے اپنی اسٹوریج خالی کر سکتے ہیں، بغیر کسی اہم ڈیٹا کو خطرے میں ڈالے۔
حالانکہ یہ فیچر فی الحال تمام آئی او ایس صارفین کے لیے مکمل طور پر دستیاب نہیں ہوا، مگر توقع ہے کہ بہت جلد تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔