فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جمعرات کے روز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین کے ایک بڑے جرگے سے خطاب کیا۔ جرگے میں امن و استحکام، دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ہیڈکوارٹر الیون کور میں صوبے کی سیکیورٹی کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن کا خواہاں ہے، تاہم افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی دہشت گردی برداشت نہیں کی جائے گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے متعدد مثبت اقدامات کیے ہیں، مگر افغان طالبان حکومت نے بھارتی حمایت یافتہ گروہوں کو سہولت فراہم کی، جو خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا کو دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے ہر صورت پاک کیا جائے گا۔
پاک فوج کے ترجمان کے مطابق جرگے میں شریک قبائلی عمائدین نے دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان جیسی گمراہ کن سوچ کو قبائلی علاقوں میں کوئی پذیرائی حاصل نہیں ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قبائلی عوام کے عزم، حوصلے اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ امن و استحکام کے قیام کے لیے ریاست اور عوام ایک پیج پر ہیں۔ پشاور آمد پر کمانڈر پشاور کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔