تحریک انصاف میں اختلافات بڑھنے لگے، مشال یوسفزئی اور سلمان اکرم راجہ آمنے سامنے، ایک دوسرے پر الزامات

تحریک انصاف میں اختلافات بڑھنے لگے، مشال یوسفزئی اور سلمان اکرم راجہ آمنے سامنے، ایک دوسرے پر الزامات

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما سینیٹر مشال یوسفزئی نے پارٹی کے رہنما سلمان اکرم راجا کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کا مخصوص ٹولہ ان سے خوفزدہ کیوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجا کے گرد موجود یہ گروپ اُن کے خلاف مہم کیوں چلا رہا ہے۔

اپنے بیان میں مشال یوسفزئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سب کو ایسے بیانات دینے اور اپنے ہی لوگوں پر حملے کرنے سے روکا تھا، پھر بھی آپ سے منسلک گروہ اور اُن کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے میرے خلاف مہم کیوں شروع کی؟

انہوں نے کہا کہ کیا سلمان اکرم راجا بتانا چاہیں گے کہ سہیل آفریدی کی تعیناتی میں ان کا کیا کردار تھا؟ ان کے مطابق، اگر سلمان اکرم راجا خیبر پختونخوا نہ بھی آتے تو سہیل آفریدی نے بہرحال وزیر اعلیٰ بن جانا تھا۔

مشال یوسفزئی نے مزید کہا کہ اگر آپ بانی پی ٹی آئی کے بیانیے کا وزن نہیں اٹھا سکتے تو کسی اور کو موقع دے دیں۔

یہ بھی پڑھیں: سائفر لہرانے سے پہلے عمران خان نے امریکی سفیر سے باضابطہ اجازت لی، سی آئی اے کے سابق سینیئر آفیسر جان کریاکو کا تہلکہ خیز انکشاف

دوسری جانب، سلمان اکرم راجا نے مشال یوسفزئی کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو ہمیشہ بانی پی ٹی آئی کے سامنے شرمندگی اٹھانا پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض دوستوں اور خود ساختہ دشمنوں کو بانی پی ٹی آئی کا ان پر اعتماد ہضم نہیں ہو رہا۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جب بانی پی ٹی آئی نے سہیل آفریدی کو وزیر اعلیٰ نامزد کیا تو کئی لوگوں کو سانپ سونگھ گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پانچ دن تک سیاسی اور عدالتی جنگ لڑی گئی اور اس کے بعد بانی پی ٹی آئی نے ان کی تعریف کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے کی گئی تعریف بعض لوگوں کے لیے وبال جان بن چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کی پولیٹیکل اور کور کمیٹی کی رودادیں لیک ہو رہی ہیں، اور یہ سب کون کر رہا ہے، یہ سب جاننے والے اچھی طرح جانتے ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *