جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں پہلی بار منعقد ہونے والے ڈی جے تھری ایوارڈ شو میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کو ان کی شاندار خدمات پر ایوارڈز سے نوازا گیا۔ اس تقریب میں سوشل میڈیا، تفریح، صحافت، تعلیم اور کمیونٹی سروس سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ایوارڈ شو میں عوامی ووٹنگ کے ذریعے مختلف کیٹیگریز میں کامیاب افراد کا انتخاب کیا گیا۔ ’بیسٹ یوٹیوبر‘ کیٹگری میں کامیابی کا تاج آزاد ڈیجیٹل رپورٹر وسیم ہاشمی کے سر سجا، جنہوں نے محض 10 دنوں میں ساڑھے 3 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے دیگر امیدواروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
وسیم ہاشمی اپنی منفرد ڈیجیٹل رپورٹنگ، تجزیاتی ویڈیوز اور عوامی ایشوز پر مؤثر اندازِ بیان کے باعث سوشل میڈیا پر ایک پہچانا جانے والا نام بن چکے ہیں۔ ان کے یوٹیوب چینل پر لاکھوں ناظرین موجود ہیں جو ان کی غیر جانب دار اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ کو سراہتے ہیں۔
تقریب کے دوران ایوارڈز حاصل کرنے والی دیگر شخصیات میں معروف سوشل ورکرز، فنکار، اساتذہ اور نوجوان انٹرپرینیورز شامل تھے۔ منتظمین کے مطابق ایوارڈ شو کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور ڈیجیٹل میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
ایوارڈ تقریب میں شریک مہمانوں نے وسیم ہاشمی سمیت دیگر کامیاب شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ایوارڈز نوجوان نسل کو محنت، سچائی اور تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
وسیم ہاشمی نے ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ یہ کامیابی ان کے ناظرین کے اعتماد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ، ’میں اپنے تمام فالورز اور ووٹ دینے والوں کا شکر گزار ہوں۔ یہ ایوارڈ میری ٹیم اور ان تمام لوگوں کے نام ہے جو سچائی پر یقین رکھتے ہیں۔‘
منتظمین نے اعلان کیا کہ ڈی جے تھری ایوارڈ شو کو ہر سال منعقد کیا جائے گا تاکہ مقامی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے اور ڈیجیٹل میڈیا کے میدان میں پاکستان کے مثبت کردار کو فروغ دیا جا سکے۔